مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کنک وادی میں قائم سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، جس پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ابتدائی طور پر 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ موقع سے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سیکیورٹی فورسز نے تعاقب کیا۔ تعاقب کے دوران مزید 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیر داخلہ کی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں ہونے والی کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے 9 دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کا فخر ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، جبکہ قوم اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز جاری ہیں اور انہیں مزید قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔


