پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز دی پنڈیز نے کرکٹر محمد رضوان اور این سی سی آئی اے کے معاملے پر اپنے مالک احسان طاہر سے منسوب بیانات کی تردید کردی۔
فرنچائز کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ احسان طاہر نے محمد رضوان اور این سی سی آئی اے کے معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
دی پنڈیز کے مطابق ایک متعلقہ میڈیا ادارے کی جانب سے احسان طاہر سے منسوب کرکے شائع کیے گئے بیانات مکمل طور پر من گھڑت ہیں اور ان کا مالک سے کوئی تعلق نہیں۔
فرنچائز نے متعلقہ میڈیا ادارے سے مطالبہ کیا ہے کہ احسان طاہر سے منسوب بیان فوری طور پر واپس لیا جائے اور واضح تصحیح جاری کی جائے۔
دی پنڈیز نے میڈیا ادارے سے اس معاملے پر عوامی طور پر معذرت کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ احسان طاہر سے منسوب بیانات کی غیر مجاز اشاعت اور انہیں ان سے منسوب کیے جانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
فرنچائز نے مزید کہا کہ احسان طاہر اور دی پنڈیز کے مفادات اور ساکھ کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔


