دیامر: دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کے مین ڈیم کی تعمیر میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دیامر کے علاقے گینی سے پوزولان میٹریل نکالنے اور اسے تعمیراتی مقام تک منتقل کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
منصوبے کے اعلامیے کے مطابق گینی سے حاصل ہونے والے پوزولان میٹریل کو پراسیسنگ کے بعد مین ڈیم کے رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ (آر سی سی) ورکس میں استعمال کیا جائے گا۔ مین ڈیم کی تعمیر کے لیے آر سی سی بچھانے کا عمل بھی جلد شروع کیے جانے کی توقع ہے۔
اعلامیے کے مطابق چیئرمین واپڈا اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کی ہدایات پر پوزولان میٹریل کی نکاسی اور منتقلی کے لیے ضروری انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔
گینی سے پوزولان میٹریل کی فراہمی کو دیامر بھاشا ڈیم کے مین ڈیم کی تعمیر کے اگلے مرحلے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر دیامر استور، چیف ایگزیکٹو آفیسر دیامر بھاشا ڈویلپمنٹ کمپنی، پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے گینی کا دورہ کیا۔ حکام نے پوزولان مینجمنٹ اور ضلٹریل کی باقاعدہ نکاسی اور منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران پراجیکٹ مینجمنٹ اور ضلعی انتظامیہ نے تعمیراتی سرگرمیوں کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے باہمی رابطہ اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
حکام کے مطابق پوزولان کی دستیابی مین ڈیم کے آر سی سی تعمیراتی کام کے لیے اہم ضرورت ہے اور اس کی فراہمی شروع ہونے سے منصوبے کے تعمیراتی مراحل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب علاقے کے مقامی عمائدین اور علمائے کرام نے بھی دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی تکمیل کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یوں گینی سے پوزولان میٹریل کی نکاسی اور منتقلی کا آغاز دیامر بھاشا ڈیم کے مین ڈیم کی تعمیر میں ایک اہم عملی مرحلہ قرار دیا جارہا ہے، جبکہ آئندہ مرحلے میں آر سی سی بچھانے کا کام شروع کیا جائے گا۔


