کراچی: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے مشکوک ماہی گیر کشتی سے 2800 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کرلی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کارروائی میں پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے حصہ لیا۔ دونوں بحری جہازوں نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشنز کے دوران مشکوک ماہی گیر کشتی کو روکا اور تلاشی کے دوران بڑی مقدار میں منشیات برآمد کی۔
پاک بحریہ کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر ہے جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت 208 ارب 16 کروڑ 25 لاکھ روپے بنتی ہے۔
کامیاب انسدادِ منشیات آپریشن پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک کے افسران اور جوانوں کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی کی تعریف کی۔
پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے فورسز ہمہ وقت تیار ہیں۔ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہی ہے۔


