این سی سی آئی اے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کی تیاری

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی(این سی سی آئی اے) کا نام تبدیل کرکے سائبر پولیس رکھنے کی تجویز سامنے آگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر پولیس کو محکمہ پولیس کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل پر چلانے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ملک کے ہر ضلع میں سائبر پولیس اسٹیشن قائم کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

سائبر پولیس اسٹیشنز میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے بجائے ایس ایچ او تعینات ہوگا، جبکہ بڑے اضلاع میں ایس پی اور ڈی ایس پی رینک کے افسران ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

چھوٹے اضلاع میں ڈی ایس پی رینک کا افسر سائبر پولیس اسٹیشن کی نگرانی کرے گا، جبکہ این سی سی آئی اے کی موجودہ عمارتوں کو سائبر پولیس اسٹیشنز میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

سائبر کرائم سے نمٹنے کے لیے پولیس اور سائبر پولیس کا مشترکہ نظام متعارف کرایا جائے گا اور سائبر کرائم کی تحقیقات کو ضلعی پولیس کے نظام سے منسلک کیا جائے گا۔

این سی سی آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی سے متعلق تجاویز وزارتِ داخلہ کو بھجوا دی گئی ہیں۔ جس کی حتمی منظوری وزارتِ داخلہ کی جانب سے دی جائے گی۔