ویانا: ٹیلر سوئفٹ کے کنسرٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مجرم کو ڈزنی کے خلاف ہرجانے کے دعوے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق آسٹریا کی عدالت نے ٹیلر سوئفٹ کے منسوخ شدہ ویانا کنسرٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے مجرم بیران اے کا ڈزنی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ مسترد کر دیا۔
مجرم نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ڈزنی پلس کی ٹیلر سوئفٹ کے ’’ایراز ٹور‘‘ پر بنائی گئی دستاویزی سیریز میں اس کے خاندان کا رہائشی پتا مختصر طور پر دکھایا گیا، جس سے اس کی نجی زندگی اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا۔
ڈزنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شکایت ملتے ہی متنازع مواد مئی میں ہی دستاویزی فلم سے ہٹا دیا گیا تھا، جبکہ مجرم کے والدین کو جو اسی پتے پر رہتے ہیں، تین تین ہزار یورو ہرجانہ بھی ادا کیا جا چکا ہے۔
فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ بیران اے کو کسی واضح اور ٹھوس خطرے کا سامنا ثابت نہیں ہوسکا، جبکہ عدالت کے مطابق نشر کیے گئے مواد سے نہ تو بیران اے اور نہ ہی اس کے گھر کا پتا قابلِ شناخت تھا۔
بیران اے کے وکیل نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب ڈزنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شکایت موصول ہونے کے فوراً بعد مئی میں متنازع مواد دستاویزی سیریز سے ہٹا دیا گیا تھا۔
وکیل کے مطابق بیران اے کے والدین، جو اب بھی اسی پتے پر رہائش پذیر ہیں، کو تین، تین ہزار یورو ہرجانہ ادا کیا جاچکا ہے۔
بیران اے کو رواں سال مئی میں ٹیلر سوئفٹ کے ویانا کنسرٹ پر ناکام ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی کے جرم میں 15 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
حکام کی جانب سے شدت پسند تنظیم داعش کے حملے کے خدشے کے باعث ٹیلر سوئفٹ کے ویانا میں ہونے والے تینوں کنسرٹس منسوخ کردیئے گئے تھے۔


