ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کی اچانک موت کی خبر نے بھارتی فلم انڈسٹری اور مداحوں کو سوگوار کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر کو جمعرات کی علی الصبح گوا کے ڈونا پاؤلا میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر منی پال اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل سی پی آر کے ذریعے انہیں بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور صبح تقریباً 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔
منی پال اسپتال کے شعبہ آنکولوجی کے سربراہ ڈاکٹر شیکھر سالکر کے مطابق اداکار کو شدید کارڈیک اریسٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ مسلسل سی پی آر کے باوجود ان میں کوئی ردعمل نہیں آیا۔ واقعے کا میڈیکو لیگل کیس درج کرلیا گیا ہے جبکہ موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم بھی کیا جائے گا۔
وشوناتھ سے نانا تک
نانا پاٹیکر کا اصل نام وشوناتھ پاٹیکر تھا۔ یکم جنوری 1951 کو مہاراشٹرا میں پیدا ہونے والے نانا پاٹیکر نے تھیٹر سے فنکارانہ سفر شروع کیا اور بعد ازاں ہندی و مراٹھی فلموں میں اپنی منفرد اور طاقتور اداکاری کے باعث نمایاں مقام حاصل کیا۔
انہوں نے 1978 میں فلم ’گمن‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ ابتدا میں انہیں سنجیدہ اور حقیقت سے قریب کرداروں کے باعث شہرت ملی، جبکہ وقت کے ساتھ انہوں نے ایکشن، ڈراما، کامیڈی اور منفی کرداروں سمیت مختلف النوع کردار کامیابی سے نبھائے۔
نانا پاٹیکر کی نمایاں فلموں میں ’پرتی گھات‘، ’پرندہ‘، ’پراہار‘، ’ترنگا‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘، ’اپہرن‘ اور ’راج نیتی‘ شامل ہیں۔ تاہم عام ناظرین میں انہیں ’ویلکم‘ میں اودے شیٹی کے یادگار کردار کے باعث بھی بے حد مقبولیت ملی۔
اداکاری کے ساتھ نانا پاٹیکر نے ہدایت کاری اور تحریر کے میدان میں بھی کام کیا۔ ان کی فلم ’پراہار: دی فائنل اٹیک‘ کو بھی ان کے نمایاں کاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات ملے، جبکہ 2013 میں حکومتِ بھارت نے انہیں پدم شری سے نوازا۔
آخری وقت تک فلموں سے جڑے رہے
خاص بات یہ ہے کہ نانا پاٹیکر نے عمر کے آخری حصے میں بھی اداکاری کا سلسلہ جاری رکھا۔ وہ حالیہ برسوں میں ’ہاؤس فل 5‘، ’او رومیو‘ اور ’صوبیدار‘ سمیت مختلف منصوبوں میں نظر آئے۔ وشال بھاردواج کی فلم ’او رومیو‘ میں ان کی اداکاری کو بھی حالیہ کاموں میں شامل کیا جاتا ہے۔
نانا پاٹیکر کی موت کے ساتھ بھارتی سنیما نے ایسے فنکار کو کھو دیا ہے جو اپنی مخصوص آواز، مکالموں کی ادائیگی اور کردار میں گہری شدت پیدا کرنے کے لیے الگ پہچان رکھتے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی دنیا میں تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔


