راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی پرفارمنس شاندار رہی ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع ہے جب وہ بطور کپتان پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، جو ان کے لیے انتہائی فخر اور اعزاز کی بات ہے۔
کپتانی کے دباؤ اور چیلنجز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ کپتانی ملنا فخر کی بات ہے، اور جب آپ کپتان ہوں تو آپ کو آگے بڑھ کر قیادت کرنا ہوتی ہے۔ پریشر لازمی ہوتا ہے لیکن اسے اپنے سر پر سوار نہیں ہونے دینا چاہیے۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ قائدانہ کردار ادا کروں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے لیے ایک بہترین مثال قائم کروں تاکہ بہترین اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اتر کر سیریز اپنے نام کریں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے کبھی خود کو قومی ٹیم کے کپتان کے طور پر نہیں سوچا تھا اور نہ ہی یہ ان کا کوئی طے شدہ ہدف تھا، لیکن ان کے والد ہمیشہ یہ کہتے تھے کہ وہ ایک دن قومی ٹیم کے کپتان بنیں گے۔ اب جب وہ کپتان بن چکے ہیں تو انہیں پختہ یقین ہو گیا ہے کہ والدین کی دعاؤں میں واقعی بہت اثر ہوتا ہے۔
انہوں نے سابق کپتان سرفراز احمد کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرفراز احمد کی کپتانی میں بہت کرکٹ کھیلی ہے اور وہ انہیں بطور کپتان بہت پسند کرتے ہیں۔
موجودہ ٹیم کے کمبینیشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں تجربہ کار سینئر اور باصلاحیت جونئیرز کا ایک حسین اور متوازن امتزاج موجود ہے جہاں سینئر کھلاڑیوں کی طرف سے بھرپور سپورٹ مل رہی ہے۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ دونوں پاکستان کے بڑے کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت شاندار کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم موجودہ منتخب اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں پر بھی ان کا مکمل اعتماد ہے۔
راولپنڈی کے شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں کرکٹ کھیلنے کا ہمیشہ سے ایک الگ ہی مزہ آتا ہے، اور انہیں پوری امید ہے کہ اس بار بھی شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔


