پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع:ٹورنامنٹ 18 مارچ سے شروع ہوگا

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تیاریاں شروع ہوگئیں، ایچ بی ایل پی ایس ایل نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کردیا۔ پی ایس ایل 12 کا آغاز 18 مارچ 2027 سے ہوگا جبکہ فائنل سمیت مکمل ایونٹ 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق آئندہ ایڈیشن میں لیگ کی تمام آٹھ فرنچائزز ایک بار پھر ٹائٹل کے حصول کیلئے میدان میں اتریں گی۔ ٹورنامنٹ کی تاریخوں کا فیصلہ یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس اور تمام فرنچائز مالکان و نمائندوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

گزشتہ سیزن نے پاکستان سپر لیگ کیلئے کئی نئے سنگ میل قائم کیے تھے۔ پہلی مرتبہ آٹھ ٹیموں نے مکمل ایڈیشن میں شرکت کی، جبکہ کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے ڈرافٹ کی جگہ پہلی بار پلیئر آکشن کا نظام متعارف کرایا گیا۔

سال 2026 کے فائنل نے بھی شائقین کی غیر معمولی دلچسپی حاصل کی، جہاں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ریکارڈ 32 ہزار 461 تماشائیوں نے میچ دیکھا۔ پشاور زلمی نے فائنل میں ڈیبیو کرنے والی حیدرآباد کنگز مین کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پی ایس ایل 12 کیلئے اب براہ راست کھلاڑیوں کے انتخاب، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور پلیئر آکشن سمیت اہم مراحل کا آغاز ہوگا، جس کے بعد فرنچائزز کے اسکواڈز کی تشکیل کا عمل تیز ہوجائے گا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن نے لیگ کی صلاحیت کو نمایاں کیا اور آئندہ سیزن کو اس سے بھی بلند معیار پر لے جانے کی کوشش کی جائے گی۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ 2027 کا ایڈیشن گزشتہ سیزن سے پیدا ہونے والی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش ہوگا اور آنے والے مہینوں میں ڈائریکٹ سائننگز، ریٹینشنز، ٹریڈ ونڈو اور آکشن شائقین کی توجہ کا مرکز رہیں گے۔

پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق میچز کے مکمل شیڈول، وینیوز، پلیئر آکشن اور ٹکٹوں کی فروخت سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔