سال 2026 کا نوبیل امن انعام جنوبی افریقا کی قانون دان ناونیتھنم پِلے کے نام

اوسلو: جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف قانون دان اور انسانی حقوق کی علمبردار ناونیتھنم ’’ناوی‘‘ پِلے نے 2026 کا نوبیل امن انعام جیت لیا ہے۔ ۔

ناروے کی نوبیل کمیٹی نے اوسلو میں انعام کا اعلان کیا۔ انہیں امن کے فروغ، انسانی حقوق کے تحفظ اور بین الاقوامی قانون کی بالادستی کے لیے طویل جدوجہد پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

کمیٹی کے مطابق ناوی پِلے نے عالمی قانونی نظام کو مضبوط بنانے اور جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ناوی پِلے 2008 سے 2014 تک اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے عہدے پر فائز رہیں۔ اس سے قبل وہ جنوبی افریقا کی ہائی کورٹ میں جج مقرر ہونے والی پہلی غیر سفید فام خاتون بنیں۔ انہوں نے نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔

پِلے کا تعلق جنوبی افریقا کے شہر ڈربن سے ہے۔ نسل پرستی کے دور میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنے کے باوجود انہوں نے قانون کے شعبے میں اپنا مقام بنایا اور بعد ازاں بین الاقوامی عدالتی اداروں میں اہم ذمہ داریاں ادا کیں۔

نوبیل کمیٹی کو رواں سال امن انعام کے لیے مجموعی طور پر 287 امیدواروں کی نامزدگیاں موصول ہوئی تھیں، جن میں افراد اور تنظیمیں دونوں شامل تھے۔

یاد رہے کہ 2025 کا نوبیل امن انعام وینزویلا کی جمہوریت نواز رہنما ماریا کورینا ماچاڈو کو دیا گیا تھا، جنہیں جمہوری حقوق کے فروغ اور ملک میں پُرامن سیاسی تبدیلی کی جدوجہد پر منتخب کیا گیا تھا۔