امیتابھ بچن کی سالگرہ پر ایشوریا رائے کی سوشل میڈیا پر خاص پوسٹ

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اتوار 11 اکتوبر کو اپنی 84ویں سالگرہ منائی۔ اس خاص موقع پر مداحوں اور فلمی ستاروں نے انہیں مبارک باد پیش کی، لیکن سب سے زیادہ توجہ ان کی بہو ایشوریا رائے بچن کی پوسٹ نے حاصل کی، جس میں انہوں نے اپنی بیٹی آرادھیا کے ساتھ امیتابھ کی ایک خوبصورت تصویر شیئر کی۔

ایشوریا رائے نے انسٹاگرام پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنے سسر کو محبت بھرے انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دی اور انہیں ڈیئرسٹ پا کہہ کر مخاطب کیا۔

تصویر میں آرادھیا اپنے دادا کو گلے لگائے ہوئے نظر آئیں، جبکہ امیتابھ بچن جیکٹ اور ٹوپی پہنے دکھائی دیے۔ اس تصویر نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔

امیتابھ بچن کی سالگرہ پر ان کے ممبئی میں واقع گھر ’جلسہ‘ کے باہر بھی مداحوں کا ہجوم جمع ہوا۔ اداکار حسبِ روایت گھر سے باہر آئے اور ہاتھ ہلا کر اپنے چاہنے والوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وہ سرخ کرتا اور اسی رنگ سے ملتا جلتا شال پہنے نظر آئے۔

سنجے دت، چرنجیوی، پربھاس، انوپم کھیر، اجے دیوگن، فرح خان، کاجول اور شتروگھن سنہا سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی انہیں سوشل میڈیا پر مبارک باد دی۔

امیتابھ بچن کی سالگرہ کا جشن ٹی وی شو کون بنے گا کروڑ پتی18 کے سیٹ پر بھی منایا گیا، جہاں ان کے بیٹے ابھیشیک بچن ان کے ساتھ نظر آئے۔ اس خصوصی قسط میں مادھوری ڈکشٹ، آیوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان نے بھی شرکت کی۔ امیتابھ اور ابھیشیک کا گرم جوشی سے گلے ملنا پروگرام کے خاص لمحات میں شامل رہا۔