پیرس: فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا اگلے چار سال کے دوران کھیل کی ترقی کے لیے 6.35 ارب ڈالر کا بڑا فنڈ قائم کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت دنیا بھر کی 211 رکن فٹبال فیڈریشنز کو بھاری مالی معاونت فراہم کی جاسکتی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق معاملے سے باخبر ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کی منظوری کے لیے فیفا کونسل کا اہم اجلاس جمعرات کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں ہوگا، جہاں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو سمیت کونسل کے 36 دیگر ارکان شرکت کریں گے۔
مجوزہ ترقیاتی فنڈ 2026 سے 2030 تک کے عرصے کے لیے ہوگا اور اس کے ذریعے فیفا کی 211 رکن فیڈریشنز کے علاوہ مختلف علاقائی کنفیڈریشنز کو بھی مالی وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت ہر رکن فیڈریشن کو تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ رقم اس تجویز سے نمایاں طور پر زیادہ ہے جس کی حمایت انفینٹینو کے دو اہم ناقدین، یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چفرین اور شمالی و وسطی امریکا اور کیریبین کی تنظیم کونکاکاف کے سربراہ وکٹر مونٹاگلیانی نے کی تھی۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے فیڈریشنز کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی رقم کی تجویز سامنے آئی تھی۔
فیفا کے پاس موجود مالی ذخائر اس نئے فنڈ کی ایک اہم بنیاد ہوں گے، جبکہ 2026 کے کامیاب ورلڈ کپ سے حاصل ہونے والی تجارتی آمدنی بھی اس منصوبے کی مالی معاونت میں کردار ادا کرے گی۔
یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فیفا کی گورننس اور عالمی فٹبال کے انتظامی معاملات پر انفینٹینو کو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔ رواں سال موسم گرما میں فیفا کے بڑے ٹورنامنٹس، بالخصوص ورلڈ کپ، میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کی تجویز نے فٹبال کی دنیا میں خاصی بحث چھیڑ دی تھی۔
بعدازاں یوئیفا، کونکاکاف اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن سمیت مختلف حلقوں کی مخالفت کے بعد نجی سرمایہ کاری سے متعلق یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔
انفینٹینو نے ستمبر کے آخر میں فیفا کے انتظامی ڈھانچے اور عالمی ادارے کے کام کرنے کے طریقہ کار میں ممکنہ اصلاحات کے لیے رکن فیڈریشنز سے مشاورت کا عمل بھی شروع کیا تھا۔ امکان ہے کہ اصلاحات سے متعلق ابتدائی تجاویز پر بھی جمعرات کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
56 سالہ جیانی انفینٹینو 2016 سے فیفا کے صدر ہیں اور مارچ 2027 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ امیدوار ہیں۔ تاہم ان کے مخالفین اب تک کسی متفقہ امیدوار پر اتفاق نہیں کرسکے۔ الیگزینڈر چفرین یوئیفا کی سربراہی کے لیے ایک اور مدت کے خواہش مند ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق وکٹر مونٹاگلیانی بھی کونکاکاف کے سربراہ کی حیثیت سے دوبارہ انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
فیفا صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کی نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 نومبر 2026 مقرر ہے، جس کے بعد عالمی فٹبال کی قیادت کے لیے مقابلے کی صورتحال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔


