کولون: جرمنی کے شہر کولون میں ایک غیر معمولی واقعے نے پولیس کو بھی حیران کردیا، جہاں ایک انسان نما روبوٹ پر 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا الزام سامنے آنے کے بعد پولیس نے روبوٹ قبضے میں لے لیا۔ واقعے کی تحقیقات میں دو نوجوان بھی مشتبہ افراد کے طور پر شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے قریب پیش آیا۔ لڑکی اپنی دو سہیلیوں کے ہمراہ موجود تھی کہ سرخ اور سنہری رنگ کا تقریباً 1.2 میٹر بلند انسان نما روبوٹ ان کے قریب پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ روبوٹ نے لڑکی کے ساتھ نامناسب جسمانی حرکت کی، جس کے بعد معاملہ پولیس تک پہنچا۔
واقعے کی ایک اور حیران کن بات یہ ہے کہ مبینہ طور پر روبوٹ کے مالک 16 سالہ لڑکے اور اس کے 19 سالہ ساتھی نے اس پورے واقعے کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر براہِ راست نشر بھی کیا۔ پولیس نے دونوں نوجوانوں کو مشتبہ افراد کے طور پر شامل تفتیش کیا ہے، تاہم دستیاب اطلاعات کے مطابق ان کے خلاف تاحال کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔
پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد اہلکاروں نے قریب ہی موجود دونوں نوجوانوں کو تلاش کرلیا۔ اس دوران روبوٹ ایک گاڑی کی ڈگی میں موجود تھا، جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا۔ تفتیش کاروں نے نوجوانوں کے موبائل فون بھی ثبوت کے طور پر ضبط کیے ہیں تاکہ واقعے کی ویڈیوز اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جاسکے۔
اب جرمن حکام اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ روبوٹ کی حرکات خودکار تھیں، پہلے سے پروگرام کی گئی تھیں یا اسے موقع پر موجود افراد نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلایا۔ پولیس کے لیے یہ نوعیت کا ایک غیر معمولی کیس ہے، کیونکہ تحقیقات کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ مشین کے ذریعے مبینہ طور پر کی گئی حرکت کی قانونی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔
پولیس نے واقعے سے متعلق آن لائن مواد پر نامناسب تبصروں اور مذاق سے بھی گریز کرنے کی اپیل کی ہے، کیونکہ ایسے رویے سے متاثرہ فرد پر مزید منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ حکام کی جانب سے واقعے کی ویڈیوز اور نگرانی کے کیمروں سے حاصل ہونے والے شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پورا معاملہ واضح کیا جاسکے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انسان نما روبوٹس عام لوگوں کے لیے پہلے سے زیادہ قابلِ رسائی ہو رہے ہیں۔ واقعے نے یہ سوال بھی نمایاں کردیا ہے کہ اگر جدید روبوٹ کو کسی شخص کی جانب سے نامناسب یا نقصان دہ مقصد کے لیے استعمال کیا جائے تو موجودہ قوانین کے تحت ذمہ داری کا تعین کس طرح کیا جائے گا۔


