سیف علی خان نے 3 بار الگ الگ جگہ شادی کی پیشکش کی: کرینہ کپور

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف جوڑی سیف علی خان اور کرینہ کپور نے اپنی محبت کی کہانی سے جڑا ایک دلچسپ راز افشا کردیا۔ کرینہ کپور کے مطابق سیف علی خان نے انہیں شادی کے لیے ایک یا دو بار نہیں بلکہ تین مرتبہ پروپوز کیا، جس کے بعد انہوں نے شادی کے لیے ہاں کی۔ سیف نے اس انکشاف پر مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر کرینہ ممبئی میں پہلی ہی پیشکش پر رضامند ہوجاتیں تو ان کے کافی پیسے بچ جاتے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیف علی خان اور کرینہ کپور جلد ہی کامیڈین کپل شرما کے شو ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کی نئی قسط میں نظر آئیں گے۔ شو کا پرومو جاری کردیا گیا ہے، جس میں دونوں اداکاروں کے درمیان دلچسپ گفتگو اور خوش گوار نوک جھونک دیکھنے کو مل رہی ہے۔

شو کے دوران کرینہ کپور نے بتایا کہ سیف علی خان نے انہیں پہلی مرتبہ ممبئی میں شادی کی پیشکش کی، دوسری مرتبہ یونان کے شہر یا مقام پر نہیں بلکہ یونان میں، جبکہ تیسری مرتبہ پیرس میں پروپوز کیا۔ کرینہ کے مطابق تیسری پیشکش کے بعد انہوں نے بالآخر شادی کے لیے ہاں کردی۔

کرینہ کے اس انکشاف پر سیف علی خان نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ممبئی میں پہلی ہی پیشکش پر ہاں کردیتیں تو ان کے کافی پیسے بچ جاتے۔ سیف کے اس جملے پر کپل شرما اور شو میں موجود دیگر افراد قہقہے لگانے لگے۔

شو میں سیف اور کرینہ نے اپنی ازدواجی زندگی کے 14 برسوں کے تجربات، گھریلو عادات اور ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات سے متعلق کئی دلچسپ باتیں بھی شیئر کیں۔ دونوں کی بے تکلف گفتگو اور مزاحیہ انداز نے شو کے پرومو کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور کا شمار بالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے، اور مداح ان کی ذاتی زندگی اور ایک دوسرے کے ساتھ خوش گوار انداز کو پسند کرتے ہیں۔