بابراعظم کا نیااعزاز: بین الاقوامی کرکٹ میں 16000رنز بنانے والے 5ویں پاکستانی بن گئے

راولپنڈی:بابر اعظم نے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان کے لیے یہ کارنامہ انجام دینے والے پانچویں بلے باز کا اعزاز حاصل کرلیا۔

بابر اعظم نے یہ تاریخی سنگِ میل سری لنکا کے خلاف ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں عبور کیا، جہاں انہوں نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 45 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 6 چوکے شامل تھے۔

اس میچ کے بعد بابر اعظم کے تینوں فارمیٹس میں مجموعی انٹرنیشنل رنز کی تعداد 16 ہزار 38 ہوگئی ہے۔

پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز بنانے کا اعزاز سابق کپتان انضمام الحق کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں 20 ہزار 521 رنز اسکور کیے۔

اس فہرست میں یونس خان 17 ہزار 790 رنز کے ساتھ دوسرے، محمد یوسف 17 ہزار 134 رنز کے ساتھ تیسرے جبکہ جاوید میانداد 16 ہزار 213 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

یوں بابر اعظم نے پاکستانی کرکٹ کے ان عظیم بلے بازوں کی فہرست میں جگہ بنالی ہے جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار یا اس سے زائد رنز بنائے۔