رجب بٹ کی گاڑی جعلی نمبر پلیٹ کی وجہ سے ضبط

لاہور: پولیس نے جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کی گاڑی کو ضبط کرلیا ہے۔

لاہور میں جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے دوران سندر پولیس نے این ایف سی پل کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر جعلی نمبر پلیٹ لگی لینڈ کروزر پکڑ لی۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور موسیٰ خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق گاڑی معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی ملکیت بتائی جا رہی ہے۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق لینڈ کروزر پر جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹ نصب تھی، جبکہ ڈرائیور موسیٰ خان نمبر پلیٹ کے حوالے سے پولیس کو تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔ اس پر سندر پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کی ملکیت اور نمبر پلیٹ سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جس کے بعد معاملے کے دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جائے گا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق لاہور پولیس جعلی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کر رہی ہے، جس کے دوران اب تک 1508 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔

فیصل کامران نے واضح کیا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی استثنیٰ حاصل نہیں۔ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے گاڑیوں کی اصل شناخت یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی