مائیکرو سافٹ کی 60 ہزار ملازمین کو رضاکارانہ نوکری چھوڑنے کی پیشکش

نیویارک: معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے ملازمین کے لیے رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے کی نئی پیشکش متعارف کرائی ہے، جس کے تحت کمپنی سے علیحدگی اختیار کرنے والے ملازمین کو مالی پیکج کے ساتھ ہیلتھ انشورنس، کمپنی کے شیئرز اور کیریئر سے متعلق معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ نے کمپنی کے اخراجات کو قابو میں رکھنا اور تنظیمی ضروریات کے مطابق افرادی قوت میں تبدیلی لانے کے لئے دنیا بھر میں اپنے ڈھائی لاکھ ملازمین میں سے 60 ہزار کو رخاراکانہ طور پر نوکری چھوڑنے کی صورت میں مالی پیکیج دینے کی پیشکش کی ہے۔

اس پروگرام کے تحت اہل ملازمین کو یکم دسمبر 2026 تک پیشکش قبول کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔ یہ سہولت لیول 70 یا اس سے نچلے درجے کے مخصوص اہل ملازمین کے لیے ہے، جبکہ تمام شعبوں کے ملازمین اس پروگرام میں شامل نہیں ہیں۔

ہر سال کی ملازمت پر ایک ماہ کی تنخواہ

رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ نے رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے والے ملازمین کے لیے بنیادی اصول یہ رکھا ہے کہ ہر مکمل سال کی ملازمت کے بدلے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر رقم ادا کی جائے گی۔ تاہم، ملازم کے عہدے اور متعلقہ قواعد کے مطابق پیکج کی کم از کم اور زیادہ سے زیادہ حدود مختلف ہوسکتی ہیں۔

رپورٹ میں بعض اہل ملازمین کے لیے کم از کم دو ماہ کی بنیادی تنخواہ اور زیادہ سے زیادہ 39 ہفتوں یعنی تقریباً نو ماہ کی تنخواہ کے برابر پیکج کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ پیشکش ملازم کی اہلیت، ملازمت کی مدت اور کمپنی کے قابلِ اطلاق قواعد پر منحصر ہوگی۔

دیگر مراعات

مائیکروسافٹ کی اس پیشکش میں صرف مالی ادائیگی شامل نہیں، بلکہ ملازمین کو دیگر سہولتیں بھی دی جائیں گی۔

ہیلتھ انشورنس: کمپنی چھوڑنے کے بعد ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ایک مقررہ مدت تک صحت کی انشورنس کی سہولت مل سکتی ہے، تاہم اس کی شرائط اور مدت مختلف ہوسکتی ہے۔

شیئرز کی ویسٹنگ: رپورٹ کے مطابق اہل ملازمین کے غیر مختص شدہ یا ابھی تک مکمل طور پر حاصل نہ ہونے والے کمپنی شیئرز (آر ایس یو) کی معمول کے مطابق ویسٹنگ ملازمت چھوڑنے کے بعد بھی چھ ماہ یا متعلقہ شرائط کے تحت زیادہ عرصے تک جاری رہ سکتی ہے۔

کیریئر میں معاونت: کمپنی سے علیحدگی اختیار کرنے والے ملازمین کو نئی ملازمت تلاش کرنے، کیریئر کی منصوبہ بندی کرنے اور نئی مہارتیں سیکھنے کے لیے پیشہ ورانہ معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔

کون فائدہ اٹھا سکیں گے؟

اس پروگرام کا اطلاق مائیکروسافٹ کے تمام شعبوں پر یکساں طور پر نہیں ہوگا۔ سیلز، مارکیٹنگ، کمرشل بزنس، سیکیورٹی، ڈسکوری اور کوانٹم ٹیموں کو اس پیشکش سے باہر رکھا گیا ہے۔

دوسری جانب کوپائلٹ، کور اے آئی، ونڈوز اور ڈیوائسز، ایکس باکس، فنانس اور ہیومن ریسورسز کی بعض ٹیمیں اس پروگرام میں شامل ہیں، جبکہ کلاؤڈ پلس اے آئی اور مائیکروسافٹ اے آئی کے کچھ حصوں میں اس کا اطلاق محدود ہوسکتا ہے۔ حتمی اہلیت متعلقہ ٹیم اور کمپنی کی جانب سے طے کردہ شرائط کے مطابق ہوگی۔

پیشکش نہ مانی تو ؟

جو ملازمین رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے کی پیشکش قبول نہیں کریں گے، وہ اپنی موجودہ ذمہ داریاں جاری رکھ سکتے ہیں۔ کمپنی انہیں کسی دوسرے منصوبے یا ٹیم میں بھی منتقل کرسکتی ہے۔

تاہم، اگر اس پروگرام سے کمپنی اپنے اخراجات کم کرنے کا مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی تو مستقبل میں جبری چھانٹی کا امکان بھی زیرِ بحث ہے۔ البتہ رپورٹ میں اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ پیشکش مسترد کرنے والے ملازمین کو لازماً ملازمت سے فارغ کیا جائے گا۔

بڑھتے اخراجات

مائیکروسافٹ اس وقت ڈیٹا سینٹرز اور مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے پر بھاری سرمایہ کاری کررہی ہے۔ ایسے میں کمپنی اپنے آپریٹنگ اخراجات اور افرادی قوت کے ڈھانچے کو بہتر بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

کمپنی کی چیف پیپل آفیسر ایمی کولمین کے حوالے سے اس پروگرام کو ایک نئے تجربے کے طور پر بیان کیا گیا ہے، جس کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ آیا رضاکارانہ علیحدگی کو مستقبل میں باقاعدہ سالانہ عمل بنایا جاسکتا ہے۔

کمپنی اس سے قبل بھی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ پروگرام پیش کرچکی ہے، جبکہ مختلف اوقات میں ملازمین کی چھانٹی بھی کی گئی۔ تازہ پیشکش اسی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ سمجھی جارہی ہے، جس کے تحت مائیکروسافٹ اے آئی میں سرمایہ کاری جاری رکھتے ہوئے اپنے اخراجات اور افرادی قوت میں توازن پیدا کرنا چاہتی ہے۔