مہنگائی کا نیا وار: آٹا، سبزی ، انڈے اور دال کےدام بے قابو

اسلام آباد: ادارہ شماریات نے اکتوبر 2026 کے ماہانہ مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے، جس کے مطابق ایک ماہ کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اوسط مہنگائی کی شرح 10.05 فیصد رہی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں شہری علاقوں میں مہنگائی 0.8 فیصد جبکہ دیہی علاقوں میں 1.3 فیصد بڑھی۔ اس دوران غذائی اشیا کی قیمتوں میں ماہانہ بنیادوں پر 2.26 فیصد اضافہ ہوا، جس نے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ ڈال دیا۔

رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں مرغی کا گوشت 19.38 فیصد مہنگا ہوا، جبکہ دال چنا کی قیمت میں 9.17 فیصد، گندم میں 9.01 فیصد اور آٹے میں 7.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تازہ سبزیاں 6.55 فیصد، انڈے 5.72 فیصد اور دال ماش 5.54 فیصد مہنگی ہوگئی۔

دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ اکتوبر کے دوران ٹماٹر 31.63 فیصد سستے ہوئے، جبکہ پیاز کی قیمت میں 4.23 فیصد، آلو میں 4.04 فیصد اور چینی میں 2.17 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 8.39 فیصد، موٹر فیول میں 3 فیصد اور کاٹن کپڑے میں 1.22 فیصد اضافہ ہوا۔ کرایہ مکان اور ادویات کی قیمتیں بھی ایک فیصد بڑھ گئیں، جبکہ بجلی کے نرخوں میں 3.31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں مہنگائی 1.79 فیصد بڑھی، جبکہ رہائش، بجلی، گیس اور ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا۔

یوں اکتوبر کے دوران اشیائے خورونوش، ایندھن اور دیگر ضروری اخراجات میں اضافے نے مہنگائی کے دباؤ کو برقرار رکھا، اگرچہ بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔