دبئی : پاکستان کرکٹ ٹیم کو سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل جیتنے کے باوجود سست اوور ریٹ پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان پر فائنل میچ میں مقررہ وقت کے اندر اوورز مکمل نہ کرنے پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے 2 نومبر کو جاری اعلامیے کے مطابق لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 31 اکتوبر کو کھیلے گئے فائنل میں پاکستان مقررہ وقت کی رعایت کو شمار کرنے کے بعد بھی ایک اوور پیچھے رہا۔
امارات آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو نے پاکستان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا۔ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ایک اوور کم کرنے پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے۔
پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سست اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کی سزا قبول کرلی، جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
پاکستان کے خلاف یہ چارج آن فیلڈ امپائرز احسن رضا اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر راشد ریاض نے عائد کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اسی فائنل میں سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ون ڈے سیریز کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے 48.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا تھا۔


