شیخ حسینہ کی بنگلہ دیش واپسی کی کوشش ناکام؟ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر حکومت کا انکار

ڈھاکا: بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کو نئے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے حصول کے معاملے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کی جانب سے نئی دستاویزات کے حصول کے لیے دی گئی درخواستیں مسترد کیے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔

رائیٹرز کے مطابق بنگلا دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے واضح کیا ہے کہ حکومت شیخ حسینہ کو نیا پاسپورٹ جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ شیخ حسینہ ایک مفرور مجرم ہیں اور بنگلا دیش بھارت کے ساتھ موجود حوالگی کے معاہدے کے تحت انہیں واپس لانا چاہتا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کی جانب سے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کی درخواست دینے کی اطلاعات کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی۔ وزارت خارجہ اور وزارت قانون درخواست کی قانونی حیثیت اور دستاویزات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

بھارت سے بنگلا دیش واپسی

شیخ حسینہ اگست 2024 میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت چلی گئی تھیں، جہاں وہ اب تک مقیم ہیں۔ ان کے اقتدار کے خاتمے کے بعد عوامی لیگ کی حکومت بھی ختم ہوگئی اور پارٹی کو سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

شیخ حسینہ کے لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلا دیشی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی تھی۔

وکلا کا مؤقف تھا کہ شیخ حسینہ بنگلا دیشی شہری ہیں اور ان کی شہریت کی بنیاد پر انہیں نئی دستاویزات فراہم کی جانی چاہئیں۔

شیخ حسینہ اس سے قبل دسمبر 2026 میں بنگلا دیش واپس آنے اور عدالت کے سامنے پیش ہونے کے ارادے کا اظہار بھی کرچکی ہیں۔ ان کے معاونین کے مطابق واپسی کی تاریخ ضروری قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد بتائی جائے گی۔

شیخ حسینہ کو سزائے موت

بنگلا دیش کے خصوصی ٹریبونل نے نومبر 2025 میں 2024 کی طلبہ تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن سے متعلق مقدمے میں شیخ حسینہ کو ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ سابق وزیراعظم الزامات مسترد کرتی ہیں اور عدالتی کارروائی کی قانونی حیثیت پر بھی سوال اٹھا چکی ہیں۔

بنگلا دیشی حکومت بھارت سے ان کی حوالگی کا مطالبہ بھی کرچکی ہے، تاہم بھارت کی جانب سے اس معاملے پر حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

شیخ حسینہ کی نئی سفری دستاویزات کی درخواست اور بنگلا دیشی حکومت کے سخت مؤقف نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی معاملات کو ایک بار پھر اہم بنا دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ قانونی جانچ پڑتال کے بعد ان کی درخواست پر باضابطہ فیصلہ کیا سامنے آتا ہے۔