اسلام آباد: تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے (ٹی 5) میں تعمیراتی کام کے دوران پیش آنے والے حادثے نے منصوبے کی سیکیورٹی اور تعمیراتی مراحل سے متعلق اہم سوالات کھڑے کردیے۔ منصوبے کے انٹیک ایریا کے قریب چٹان کا کمزور حصہ گرنے اور پانی کے اچانک بہاؤ کے باعث زیر تعمیر سرنگ اور پاور ہاؤس کے حصے میں پانی داخل ہوگیا، جس کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی اور تعمیراتی سرگرمیاں روک دی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 نومبر 2026 کو پیش آنے والے اس واقعے کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے فوری اقدامات کیے اور کام کرنے والے تمام افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات میں حفاظتی بند ٹوٹنے اور سرنگ نمبر 5 میں پانی داخل ہونے کی بات سامنے آئی، تاہم واپڈا نے واقعے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ کنیکٹنگ ٹنل کی دوسری بینچ کی کھدائی کے دوران پیش آیا، جہاں چٹان کا کمزور حصہ گرنے سے انٹیک پٹ کا پانی سرنگ اور زیر تعمیر پاور ہاؤس کی جانب داخل ہوگیا۔
واپڈا کے مطابق پانی کے اچانک داخل ہونے پر تمام کارکنوں کو فوری طور پر بحفاظت نکال لیا گیا۔ انٹیک پٹ سے پانی نکالنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ زیر تعمیر پاور ہاؤس سے بھی پانی نکالنے کا کام شروع کردیا گیا۔ حکام کے مطابق زیریں جانب واقع ورک سائٹس میں مزید پانی داخل نہیں ہورہا۔
واقعے کے حوالے سے بعض ابتدائی اطلاعات میں ایک پاکستانی کارکن کے پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ جانے اور بعد ازاں ریسکیو کیے جانے کا ذکر بھی کیا گیا، تاہم واپڈا کے سرکاری بیان میں کسی جانی نقصان یا کارکن کے زخمی ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔
واپڈا نے سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی ان اطلاعات کی بھی تردید کی ہے کہ تربیلا ڈیم کی مرکزی ٹنل نمبر 5 منہدم ہوگئی ہے۔ ادارے کے مطابق مرکزی سرنگ، زیر تعمیر پاور ہاؤس، ٹیل ریس کلورٹ اور سوئچ یارڈ کو نقصان نہیں پہنچا۔ اس وقت واپڈا کے سینئر افسران، منصوبے کے انجینئرز اور کنٹریکٹر کی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ متاثرہ حصوں سے متعلق ضروری اقدامات کیے جاسکیں۔
منصوبہ تاخیر اور لاگت میں اضافے کا شکار
تربیلا ففتھ ایکسٹینشن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پاکستان میں پن بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس کا بنیادی مقصد تربیلا ڈیم کی موجودہ سرنگ نمبر 5 کو بجلی پیدا کرنے کے لیے استعمال کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت 510 میگاواٹ صلاحیت کے تین پیداواری یونٹس نصب کیے جانے ہیں، جن سے مجموعی طور پر 1530 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کی گنجائش حاصل ہوگی۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد تربیلا ڈیم کی مجموعی پیداواری صلاحیت 4888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6418 میگاواٹ ہونے کی توقع ہے۔
تاہم یہ منصوبہ پہلے ہی مختلف وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار رہا ہے۔ تعمیراتی مراحل، پانی کی سطح میں اضافے اور سرنگ نمبر 5 سے متعلق انتظامی و تکنیکی مسائل کے باعث اس کی تکمیل کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔
حالیہ واقعے کے بعد منصوبے کے تعمیراتی کام اور آئندہ کے شیڈول پر مزید اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، تاہم اس بارے میں حتمی صورت حال متعلقہ حکام کے جائزے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
اس واقعے نے ایک مرتبہ پھر ملک کے بڑے آبی اور توانائی منصوبوں میں تعمیراتی معیار، حفاظتی انتظامات اور نگرانی کے نظام کی اہمیت کو نمایاں کردیا ہے۔ اب توجہ اس بات پر ہے کہ پانی داخل ہونے کی اصل وجہ کیا تھی، متاثرہ حصوں کی بحالی میں کتنا وقت لگے گا اور منصوبے پر کام کب دوبارہ شروع ہوسکے گا۔
ماضی کےواقعات
اس منصوبے کے لیے مشکلات نئی نہیں ہیں۔ رواں برس جولائی 2026 میں ہونے والی ایک سرکاری انکوائری نے منصوبے کے کنٹریکٹر، کنسلٹنٹ اور واپڈا کو پہلے پیش آنے والے کوفرڈیم کے انہدام کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں تعمیراتی ڈیزائن میں مبینہ غیر مجاز تبدیلیوں کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔
اسی رپورٹ کے مطابق منصوبے کی لاگت 82 ارب روپے سے بڑھ کر 317 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔ یوں تازہ واقعے نے پہلے سے تاخیر اور لاگت میں اضافے کا شکار منصوبے کے مستقبل پر مزید سوالات پیدا کردیے ہیں۔


