مجھے موٹی کہنا بند کردیں: سوشل میڈیا تبصروں پروینا ملک کا صبر جواب دے گیا

کراچی: پاکستانی اداکارہ اور ٹی وی میزبان وینا ملک نے اپنے بڑھے ہوئے وزن اور ظاہری شخصیت پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مسلسل ہونے والی تنقید پر خاموشی توڑ دی۔

وینا ملک ان دنوں نجی ٹی وی چینل 24کے مارننگ شو ’’وینا ہے نا‘‘ کے ذریعے ٹیلی ویژن اسکرین پر واپس آئی ہیں۔ ان کا پروگرام فضا علی کے مارننگ شو کے اختتام کے بعد نشر کیا جارہا ہے۔

طویل وقفے کے بعد ان کی واپسی پر جہاں مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا، وہیں ان کی نئی اسکرین اپیئرنس اور وزن میں اضافے کو بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنا لیا گیا۔

وینا ملک نے اپنے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سنتے سنتے تھک چکی ہیں کہ ان کا وزن بڑھ گیا ہے، وہ موٹی ہوگئی ہیں یا بھینس جیسی دکھائی دیتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ پہلے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ زیادہ وزن رکھنے والے افراد کو اس طرح کے تبصروں سے کتنی تکلیف پہنچتی ہے، لیکن اب جب وہ خود اس صورت حال سے گزر رہی ہیں تو انہیں دوسروں کے احساسات کا بہتر اندازہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ زندگی میں کبھی وزن بڑھ جاتا ہے اور کبھی کم بھی ہوجاتا ہے، اس لیے کسی کو بار بار اس کی جسمانی ساخت یاد دلانے کی ضرورت نہیں۔ انہیں اپنے وزن میں اضافے کا خود بھی احساس ہے اور وہ جانتی ہیں کہ اس میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، لیکن مسلسل طنزیہ جملے سننا تکلیف دہ ہے۔

وینا ملک نے یہ بھی بتایا کہ گھر میں بھی ان کے کھانے پینے پر تبصرے کیے جاتے ہیں، جبکہ باہر نکلنے پر لوگ ان کے وزن کو موضوع بنا لیتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کی اپنی ٹیم کے افراد بھی ان کے بھرے ہوئے چہرے پر تبصرے کرتے ہیں۔

اداکارہ نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے وزن میں اضافے کا علم ہے اور انہیں بار بار یہ بات بتانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ ان کی جسمانی ساخت پر تبصرے کرنا بند کریں۔

وینا ملک کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث شروع ہوگئی۔ متعدد صارفین نے اداکارہ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی جسمانی ساخت کو مذاق کا موضوع بنانا مناسب نہیں، جبکہ بعض صارفین نے ان کے نئے انداز اور لباس پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔