اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے کم از کم ایک گھنٹے کی ملاقات کا انتظام کیا جائے تاکہ قانونی معاملات پر مشاورت اور زیر سماعت مقدمات کی تیاری مکمل ہوسکے۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کو جنوری 2025 میں احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ ریفرنس میں بالترتیب 14 اور 7 سال قید کی سزائیں سنائی تھیں۔ دونوں نے ان سزاؤں کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے اور اپیلوں پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 10 نومبر کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، جسے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اپنے مؤکلوں سے ملاقات کے لیے طویل عرصے تک انتظار کرنا پڑا۔ ان کے مطابق عمران خان سے آخری ملاقات تقریباً سات ماہ بعد جبکہ بشریٰ بی بی سے تقریباً 11 ماہ بعد ممکن ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اتنے طویل وقفے کے باعث مقدمات سے متعلق تمام قانونی امور پر تفصیلی گفتگو اور ہدایات حاصل کرنا ممکن نہیں ہوسکا۔
سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ اپیلوں کا ریکارڈ بھی خاصا وسیع ہے، جس میں تقریباً 3500 صفحات اور 35 گواہوں کا مواد شامل ہے۔ ایسے میں دفاعی وکلا کو دستاویزات کا جائزہ لینے اور اپنے مؤکلوں سے مشاورت کے لیے مناسب وقت درکار ہے۔
سماعت کے دوران سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے بھی عمران خان سے ملاقات کی درخواست سامنے آئی۔ اس پر چیف جسٹس نے اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ اڈیالہ جیل میں سردار لطیف کھوسہ کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک گھنٹے کی ملاقات کا انتظام کیا جائے۔
عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کو بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت دے دی تاکہ وہ آئندہ عدالتی کارروائی سے پہلے اپنے مؤکلوں سے ضروری ہدایات حاصل کرسکیں۔
بشریٰ بی بی کی طبیعت کا معاملہ
سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی تکلیف اور طبی سہولتوں کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے ان کی بینائی سے متعلق تشویش ظاہر کرتے ہوئے طبی بنیادوں پر ریلیف کی درخواست کی اور کہا کہ انہیں مزید علاج کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عمران خان کی صحت سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا اور جیل میں ان کے بلڈ پریشر کی صورتحال کا ذکر کیا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کا علاج جاری ہے اور آٹھ نومبر کو میڈیکل بورڈ نے اڈیالہ جیل میں ان کا معائنہ بھی کیا تھا۔ سرکاری مؤقف کے مطابق طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
اپیلوں پر سماعت 10 روز کے لیے ملتوی
عدالت میں وکلا کی تیاری، ملاقاتوں اور اپیلوں کے ریکارڈ کی دستیابی سے متعلق امور پر گفتگو کے بعد مزید سماعت 10 روز کے لیے ملتوی کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ اپیلوں کی پیپر بکس تیار کرکے آئندہ سماعت سے پہلے وکلا کو فراہم کی جائیں تاکہ مقدمے کے قانونی نکات پر دلائل دیے جاسکیں۔


