واشنگٹن: امریکی ایوانِ نمائندگان میں وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ ریپبلکن اکثریتی ایوان نے 211 کے مقابلے میں 204 ووٹوں سے مواخذے کی قرارداد کو براہِ راست آگے بڑھانے کے بجائے عدالتی کمیٹی کو بھیجنے کی منظوری دے دی، جس سے فی الحال انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش رک گئی ہے۔
یہ قرارداد ریپبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے پیش کی تھی، جس میں ہیگستھ پر ایران اور یمن میں فوجی کارروائیوں، مشتبہ منشیات اسمگلنگ کرنے والی کشتیوں پر حملوں اور وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سمیت متعدد معاملات میں اختیارات کے مبینہ غیر قانونی استعمال اور آئینی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز اور الجزیرہ کے مطابق 10 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ میں 210 ریپبلکن ارکان اور ایک آزاد رکن نے قرارداد کو کمیٹی میں بھیجنے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ صرف ایک ریپبلکن رکن تھامس میسی نے مخالفت کی۔
مواخذے کی تحریک کیوں پیش کی گئی؟
تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں پیٹ ہیگستھ کے خلاف آٹھ نکات شامل تھے۔
ان الزامات کا تعلق بنیادی طور پر امریکی فوجی کارروائیوں اور وزیر دفاع کے اختیارات کے استعمال سے تھا۔
ان پر ایران کے خلاف کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگی کارروائیاں شروع کرنے ، یمن میں فوجی حملوں کے حوالے سے مبینہ غیر قانونی احکامات دینے، کیریبین سمندر میں منشیات اسمگلنگ کے شبہے میں کشتیوں پر حملوں کو ماورائے عدالت ہلاکتوں سے جوڑنے، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری میں مبینہ غیر قانونی فوجی کردار ادا کرنے اور ڈیموکریٹ سینیٹر مارک کیلی کے خلاف انتقامی کارروائی کا الزام لگایا گیا تھا۔
ووٹنگ میں ڈیموکریٹ ارکان غیر حاضر
اس ووٹنگ کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی تھا کہ 11 ڈیموکریٹ ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا، جن میں سابق اسپیکر نینسی پیلوسی بھی شامل تھیں۔
اگر ان میں سے کم از کم آٹھ ارکان ووٹنگ میں شریک ہو کر کمیٹی کو بھیجنے کی مخالفت کرتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔
تاہم نینسی پیلوسی کے ترجمان کے مطابق وہ سابق فوجیوں کے اعزاز میں ایک تقریب کے لیے سان فرانسسکو گئی ہوئی تھیں اور اگر ووٹ ڈالتیں تو اس تحریک کو کمیٹی بھیجنے کے خلاف ووٹ دیتیں۔
اس طرح ریپبلکن ارکان کی حمایت اور ڈیموکریٹ ارکان کی غیر حاضری نے تحریک کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی کوشش ناکام ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر پیٹ ہیگستھ کی حمایت کرتے ہوئے اسے اپنی انتظامیہ کی کامیابی قرار دیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی جانب سے ہیگستھ کے مواخذے کی کوشش بری طرح ناکام ہوگئی اور تقریباً تمام ریپبلکن ارکان نے وزیر دفاع کی حمایت کی۔
دوسری جانب پیٹ ہیگستھ نے پینٹاگون میں نیوز کانفرنس کے دوران مواخذے کی تحریک کو سیاسی تماشا اور بے بنیاد کوشش قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف عائد الزامات سنگین جرائم کے زمرے میں نہیں آتے بلکہ وہ اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
ہیگستھ نے امریکی فوج کی کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام آپریشنز کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور انہیں دوبارہ کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔
ایران جنگ بھی تنازع کی بڑی وجہ
اس پورے معاملے کا پس منظر امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ بھی ہے۔
پیٹ ہیگستھ کو اس جنگ کی حکمت عملی اور فوجی کارروائیوں کی نگرانی کے حوالے سے تنقید کا سامنا ہے۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں کے لیے امریکی کانگریس کی باقاعدہ منظوری حاصل نہیں کی گئی۔
دوسری جانب ہیگستھ اور ٹرمپ انتظامیہ ان فوجی کارروائیوں کو قانونی اور ضروری قرار دیتے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق ایران جنگ کے باعث امریکہ میں مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں پر بھی سیاسی بحث تیز ہوئی ہے۔ 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد ریپبلکن انتظامیہ پر سیاسی دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ایران جنگ کو ریپبلکن پارٹی کے انتخابی نقصان کی ایک وجہ قرار دیا تھا۔


