واشنگٹن: مستقبل کی ڈرائیونگ کا تصور حقیقت میں بدلنے لگا ہے۔ دنیا کی معروف الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے اپنی مکمل خودکار گاڑی ’سائبرکیب‘ کی ذاتی استعمال کے لیے فروخت کا اعلان کردیا ہے۔
ٹیسلا کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں مخصوص اور منتخب صارفین کو سائبر کیب خریدنے کی دعوت دی جا رہی ہے۔
اس اعلان نے آٹو موبائل انڈسٹری میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ سائبرکب میں روایتی گاڑیوں کی طرح نہ اسٹیئرنگ وہیل موجود ہے، نہ بریک اور ایکسیلیٹر کے پیڈل۔ یعنی گاڑی چلانے کے لیے انسانی ڈرائیور کی ضرورت ہی نہیں رکھی گئی۔
قیمت: 29 ہزار 990 ڈالر
ٹیسلا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اعلان کے ساتھ دی گئی تصویر میں سائبرکب کی اندازاً قیمت 29 ہزار 990 امریکی ڈالر ظاہر کی گئی ہے۔
پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 84 لاکھ روپے بنتی ہے، تاہم یہ تخمینہ ہے اور اس میں ٹیکسز، درآمدی اخراجات اور دیگر ممکنہ چارجز شامل نہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کی ابتدائی قیمت 29,990 ڈالر ہے۔ جب کہ اس کے لئے ماہانہ 299 ڈالر آٹونومی سبسکرپشن درکار ہوگی۔ ایک ہزار ڈالر ناقابلِ واپسی ایڈوانس جمع کرانا ہوگا۔ متوقع ڈیلیوری دسمبر 2026 بتائی گئی ہے۔
یعنی گاڑی خریدنے کے بعد بھی خودکار ڈرائیونگ کی سہولت کے لیے ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔
ٹیسلا نے اکتوبر 2024 میں سائبر کیب متعارف کرائی تھی۔ اسے کمپنی کے مستقبل کے روبوٹیکسی منصوبے کا اہم حصہ قرار دیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر یہ گاڑی امریکی شہروں میں ٹیسلا کی روبوٹیکسی سروس کے تحت استعمال کی جا رہی تھی۔ اب منتخب صارفین کو اسے ذاتی استعمال کے لیے خریدنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
گاڑی ہر جگہ نہیں چلے گی
سائبر کیب کی فروخت کے اعلان کے باوجود ایک اہم شرط بھی سامنے آئی ہے۔ گاڑی صرف ان علاقوں میں خودکار انداز میں چل سکے گی جہاں ٹیسلا کی روبوٹیکسی سروس دستیاب ہے۔
ابتدائی دستیابی محدود رکھی گئی ہے اور صارفین کو گاڑی کی نگرانی اور سفر کے انتظام کے لیے کمپنی کی ایپ استعمال کرنا ہوگی۔
امریکی حکام نے بھی سوال اٹھا دیے
ٹیسلا کے اس منصوبے کو صرف تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ قانونی اور حفاظتی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔
امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این ایچ ٹی ایس اے) نے 4 ستمبر 2026 کو سائبر کیب کی گاڑیوں کے حفاظتی معیارات سے مطابقت کے حوالے سے تحقیقات شروع کی تھیں۔
حکام نے سوال اٹھایا کہ اسٹیئرنگ، بریک، ایکسیلیٹر اور روایتی سائیڈ مررز کے بغیر گاڑی کو حفاظتی ضوابط کے مطابق کیسے قرار دیا گیا۔
ٹیسلا کا مؤقف ہے کہ سائبر کیب محفوظ اور معذور افراد سمیت مختلف صارفین کے لیے آسان سفری سہولت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
روبوٹیکسی کی عالمی دوڑ
خودکار گاڑیوں کی مارکیٹ میں ٹیسلا اکیلی کمپنی نہیں۔ گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کا ذیلی ادارہ ویمو بھی امریکا کے مختلف شہروں میں ڈرائیور کے بغیر ٹیکسی سروس فراہم کر رہا ہے۔
دونوں کمپنیوں کے درمیان مقابلہ اس بات پر بھی ہے کہ کون خودکار ٹرانسپورٹ کو زیادہ قابلِ اعتماد، محفوظ اور عام صارفین کے لیے قابلِ رسائی بنا سکتا ہے۔
کیا پاکستان میں بھی آئے گی ایسی گاڑی؟
فی الحال ٹیسلا کی جانب سے پاکستان میں سائبرکب کی فروخت یا دستیابی کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔ اس کے علاوہ اس گاڑی کا انحصار خودکار ڈرائیونگ سافٹ ویئر اور مخصوص جغرافیائی علاقوں پر ہے، اس لیے پاکستان میں اس کے استعمال کے لیے قانونی منظوری، سڑکوں کے حالات اور تکنیکی انفراسٹرکچر اہم ہوں گے۔



