دنیا میں سزائے موت روکی جائے: اقوام متحدہ میں قرارداد منظور،پاکستان سمیت 33 ممالک کی مخالفت

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سزائے موت پر عمل درآمد روکنے اور دنیا بھر میں پھانسیوں پر پابندی کی جانب پیش رفت کے لیے قرارداد منظور کرلی۔ قرارداد کے حق میں 133 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ 33 ممالک نے مخالفت کی اور 16 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

غر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق قرارداد میکسیکو کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے لیے اقدامات کریں اور بالآخر اس سزا کے خاتمے کی جانب پیش رفت کریں۔

پاکستان، بھارت اور امریکا نے مخالفت کیوں کی؟

قرارداد کی مخالفت کرنے والے ممالک میں پاکستان، بھارت، امریکا، چین، ایران، عراق، سعودی عرب، بحرین، مصر، جاپان اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

ان ممالک کا مؤقف ہے کہ ہر خودمختار ریاست کو اپنے قانونی نظام اور جرائم کی نوعیت کے مطابق سزاؤں کا تعین کرنے کا حق حاصل ہے۔ ان کے نزدیک قانونی کارروائی اور عدالتی تحفظات کے تحت دی جانے والی سزائے موت کے معاملے میں ہر ملک کو اپنی پالیسی بنانے کا اختیار ہونا چاہیے۔

قرارداد میں کیا مطالبات کیے گئے؟

قرارداد میں رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا کہ سزائے موت کے استعمال کو بتدریج محدود کیا جائے، ایسے جرائم میں یہ سزا نہ دی جائے جو 18 سال سے کم عمر افراد نے کیے ہوں، جبکہ حاملہ خواتین اور ذہنی یا فکری معذوری کے شکار افراد کے حوالے سے بھی پابندیوں پر زور دیا گیا۔

اس کے علاوہ ایسے مقدمات میں امتیازی سلوک اور غیر منصفانہ عدالتی کارروائی روکنے، سزائے موت کے مستحق جرائم کی تعداد کم کرنے اور جن ممالک میں سزائے موت ختم ہو چکی ہے وہاں اسے دوبارہ نافذ نہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی۔

اہم وضاحت

یہ قرارداد منظور ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ دنیا بھر میں سزائے موت فوری طور پر ختم ہوگئی ہے یا تمام ممالک اس پر عمل درآمد روکنے کے پابند ہوگئے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک قرارداد ہے، جس کا مقصد ممالک کو سزائے موت پر پابندی اور اس کے خاتمے کی جانب راغب کرنا ہے۔