امریکا میں ہزاروں پروازیں متاثر ہونے کی وجہ پرانے تانبے کے تار، ٹرمپ انتظامیہ کا انکشاف

واشنگٹن: امریکا میں فضائی آپریشن میں بڑے پیمانے پر خلل کی وجہ پرانے تانبے کے تاروں کو فائبر آپٹک کیبلز سے تبدیل کرنے کے دوران پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی قرار دی گئی ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام میں اس وقت مسائل پیدا ہوئے جب ایک کنٹریکٹر پرانے تانبے کے تاروں کی جگہ جدید فائبر آپٹک کیبلز نصب کرنے کا کام کررہا تھا۔ اس دوران نیٹ ورک کے ایک روٹر میں خرابی پیدا ہوئی جس کے باعث مواصلاتی نظام اور ریڈار ڈیٹا متاثر ہوا۔

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے 14 نومبر کو صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خرابی کی وجہ کنٹریکٹر کی جانب سے کام میں غلطی یا ناقص آلات کی تنصیب ہوسکتی ہے۔ حکام ابھی حتمی وجہ کا تعین کررہے ہیں۔

امریکی فضائی حدود میں پروازوں کا تعطل

رپورٹس کے مطابق 13 نومبر کو پیدا ہونے والی خرابی کے بعد امریکی حکام نے ملک بھر میں پروازوں کی روانگی روکنے کا فیصلہ کیا۔ یہ اقدام فضائی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

اس تعطل کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ بڑی تعداد میں پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی ایئرپورٹس پر مسافر طویل وقت تک پھنسے رہے اور متعدد طیارے روانگی کے منتظر کھڑے رہے۔

ایف اے اے کے مطابق جمعے کو تقریباً 12 ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ہفتے کو بھی مزید 4 سے 5 ہزار پروازیں منسوخ ہوئی تھیں ۔

ایک راوٹر نے پورے نظام کو کیسے متاثر کیا؟

امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی کے مطابق پرانے تانبے کے تاروں کو فائبر آپٹک نیٹ ورک سے تبدیل کرنے کا کام ایک دور دراز ایف اے اے مرکز میں جاری تھا۔

اس دوران ایک راوٹر سے ہر چار سے پانچ سیکنڈ میں ایک ہزار سے زائد کنکشن کی کوششیں ہونے لگیں، جس سے دوسرے راوٹرز پر بھی غیر معمولی دباؤ پڑا۔ نتیجتاً ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے طیاروں سے رابطے اور ریڈار فیڈز میں وقفے وقفے سے مسائل پیدا ہوئے۔

حکام کے مطابق خرابی کے بعد احتیاطاً فضائی آپریشن روکنا ضروری ہوگیا تھا۔

سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا

امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت کے نظام کی خرابی کے شواہد نہیں ملے۔

محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے سربراہ مارک وین مولن کے مطابق دستیاب شواہد سے معاملہ تکنیکی خرابی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب ٹرانسپورٹ حکام نے کنٹریکٹر کمپنی ہیرس 3 ایل کے کام اور نصب کیے گئے آلات کی جانچ شروع کردی ہے۔

نظام جدید بنانے کے لیے 50 ارب ڈالر درکار

شان ڈفی نے امریکی فضائی ٹریفک کنٹرول کے پرانے نظام کو جدید بنانے کے لیے کانگریس سے 50 ارب ڈالر کی اضافی فنڈنگ کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کا فضائی کنٹرول نظام کئی دہائیوں پرانی ٹیکنالوجی پر انحصار کررہا ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری ضروری ہے۔

حکام کے مطابق فضائی حدود دوبارہ کھول دی گئی ہیں، تاہم پروازوں کا معمول بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔