ممبئی : بالی ووڈ کے معروف اداکار پنکج ترپاٹھی نے کہا ہے کہ حقیقی زبردست مرد وہ نہیں ہوتا جو اپنی طاقت دکھانے کے لیے جارحانہ رویہ اختیار کرے یا ہر وقت اپنی برتری ثابت کرنے کی کوشش کرے، بلکہ اصل رہنما وہ ہے جو شائستگی، سمجھ داری اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے قیادت کرے۔
اپنی نئی فلم ’پاریوارک منورنجن کی ریلیز کے موقع پر فلم فیئر کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں پنکج ترپاٹھی نے فلم کے موضوع، اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کے ساتھ کام کرنے کے تجربے، شہرت کے دباؤ، ذاتی زندگی اور اداکاری کے فن سے متعلق دلچسپ گفتگو کی۔
پنکج ترپاٹھی کا کہنا تھا کہ ان کی نئی فلم جان بوجھ کر ایک سادہ اور پرسکون کہانی کے طور پر بنائی گئی ہے۔ فلم میں دو مختلف پس منظر رکھنے والے اجنبی افراد ایک ہی گھر میں رہنے لگتے ہیں، تاہم کہانی کو روایتی فلموں کی طرح سنسنی خیز موڑ، جذباتی ڈرامے یا جنسی کشش کے گرد نہیں گھمایا گیا۔
اداکار کے مطابق بعض ناقدین نے فلم کو پیش گوئی کے قابل قرار دیا ہے، لیکن یہی اس فلم کا بنیادی مقصد تھا۔ وہ چاہتے تھے کہ ناظرین کو ایسی کہانی دیکھنے کو ملے جو ذہنی سکون اور اپنائیت کا احساس دے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ عام طور پر جب مختلف جنس کے دو افراد ایک گھر میں رہتے ہیں تو کہانی کو ان کے تعلقات اور جنسی خواہشات کے گرد گھمایا جاتا ہے، لیکن فلم سازوں نے شعوری طور پر اس روایتی انداز سے ہٹ کر مہربانی، اعتماد اور ایک دوسرے کو سمجھنے کے پہلو کو اہمیت دی ہے۔
پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ معاشرے میں کسی خوبصورت لڑکی کے محلے میں آنے پر لوگ طرح طرح کے تبصرے اور مفروضے قائم کرنے لگتے ہیں، لیکن فلم یہ پیغام دیتی ہے کہ انسانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ نرمی اور احترام سے پیش آنا چاہیے۔ ان کے بقول دوسروں کو معاف کرنا اور ان کے حالات کو سمجھنا ہی ایک بہتر معاشرے کی بنیاد ہے۔
شہرت کی قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے
انٹرویو کے دوران اداکار نے مشہور شخصیت ہونے کے باعث اپنی نجی زندگی متاثر ہونے کا ذکر بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اداکاروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ہر وقت خوش مزاج اور لوگوں کے لیے دستیاب رہیں، حالانکہ وہ بھی عام انسان ہیں اور ان کی زندگی میں دکھ، پریشانیاں اور مایوسیاں ہوتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عوامی مقامات پر لوگ اکثر اجازت لیے بغیر ویڈیوز بنانا شروع کردیتے ہیں۔ بعض اوقات وہ کسی ایسے شخص سے ملنے جا رہے ہوتے ہیں جو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہو، لیکن راستے میں کوئی تصویر بنوانے کے لیے روک لیتا ہے۔ ایسے مواقع پر اپنی ذاتی پریشانی چھپا کر مسکرانا ان کے لیے جذباتی طور پر مشکل ہوجاتا ہے۔
پنکج ترپاٹھی کے مطابق وہ جب نجی طور پر کہیں جانا چاہتے ہیں تو چہرے پر ماسک اور سر پر ٹوپی پہن لیتے ہیں تاکہ لوگ انہیں پہچان نہ سکیں۔ انہیں لوگوں سے بات چیت کرنا پسند ہے، لیکن وہ اپنی زندگی کا بڑا حصہ نجی رکھنا چاہتے ہیں۔
ادیتی راؤ حیدری کے ساتھ لکھنؤ کی یادیں
اداکار نے فلم میں اپنی ساتھی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں محنتی، مخلص اور بہترین انسان قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادیتی نے اپنے اندر کے بچے کو زندہ رکھا ہوا ہے، جو ایک خوبصورت خوبی ہے۔
پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ انہوں نے ادیتی کو پہلی مرتبہ ’دہی چوڑا‘ کھلایا، جو انہیں بہت پسند آیا۔ شوٹنگ کے دوران ادیتی کی جان پہچان پونم جی نامی ایک خاتون سے ہوئی تھی، جو روایتی چولہے پر کھانا پکاتی تھیں۔ ادیتی نے انہیں اس خاتون کے کھانے کے بارے میں بتایا تو وہ بھی ان کے گھر پہنچ گئے۔ اگلے دو تین روز تک وہاں کھانا کھایا اور شوٹنگ کے اختتام پر ان سے ایسے الوداع ہوئے جیسے کسی اپنے سے رخصت ہورہے ہوں۔
اداکاری میں تھیٹر اساتذہ کا بڑا کردار
پنکج ترپاٹھی نے بتایا کہ ان کی اداکاری اور فن پر فلمی شخصیات سے زیادہ تھیٹر اور ادب کا اثر ہے۔ ان کے مطابق تھیٹر کے ایک استاد کا جملہ ’کم سے کم دکھاؤ، زیادہ سے زیادہ تخلیق کرو‘ ان کی اداکاری کا بنیادی اصول بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اداکاری میں غیر ضروری اظہار کے بجائے سادگی اور قدرتی انداز کو ترجیح دیتے ہیں۔
ان فلموں کے کردار دل کے قریب ہیں
اپنے پسندیدہ کرداروں کا ذکر کرتے ہوئے پنکج ترپاٹھی نے فلم ’نیوٹن‘، ’بریلی کی برفی‘ اور ’گنجن سکسینا‘ کا نام لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان فلموں میں ادا کیے گئے کرداروں کی سوچ اور زندگی کو دیکھنے کا انداز ان کی اپنی شخصیت سے کافی حد تک ملتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کام کرنے کی تحریک صرف فلموں کی کامیابی یا مالی حیثیت سے نہیں ملتی بلکہ قدرت، روزمرہ زندگی کی چھوٹی خوشیوں اور اپنے اردگرد موجود چیزوں سے بھی حوصلہ حاصل ہوتا ہے۔ البتہ انہوں نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ گھر کی ذمہ داریاں اور بینک کی اقساط ادا کرنے کی ضرورت بھی کام کرنے کی ایک عملی وجہ ہے۔
نام اور شہرت سے زیادہ سادہ زندگی پسند ہے
پنکج ترپاٹھی نے اعتراف کیا کہ وہ اب شہرت کی اس سطح پر پہنچ چکے ہیں جہاں کبھی کبھی انہیں اپنا گمنام ماضی یاد آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تشہیر کے پیچھے نہیں بھاگتے۔ فلم کی نمائش ختم ہونے کے بعد وہ دوبارہ اپنے کام میں مصروف ہونا اور خاموشی سے زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں۔
اداکار کے مطابق اگر ان کے اخراجات پورے کرنے کے لیے مناسب آمدنی موجود ہو تو وہ زیادہ تر وقت سفر کرنے، کھانا پکانے، جنگل میں وقت گزارنے اور اپنی پسند کی سرگرمیوں میں صرف کرنا چاہیں گے۔


