پوری ٹیم کو سینڈ پیپر استعمال کا پتہ تھا:سابق آسٹریلوی بولر چاڈسائرز کی عثمان خواجہ کے حامی

سڈنی: آسٹریلوی کرکٹ کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل ’’سینڈ پیپر گیٹ‘‘ نے ایک بار پھر نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چاڈ سائرز نے انکشاف کیا ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو معلوم تھا کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر (ریگ مال) استعمال کیا جارہا ہے۔

اےایف پی کے مطابق سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چاڈ سائرز نے عثمان خواجہ کے دعوؤں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس بات پر قائم ہیں کہ جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود پوری ٹیم کو اس معاملے کا علم تھا۔ ان کے مطابق ڈریسنگ روم میں گیند کو ریورس سوئنگ کرانے اور اس کے لیے استعمال ہونے والے طریقوں پر گفتگو بھی ہوئی تھی۔

آسٹریلوی ریڈیو پروگرام ایس ای این سے گفتگو کرتے ہوئے سائرز نے کہا کہ وہ اب اس معاملے پر کھل کر بات کرنے میں مطمئن ہیں اور ان کے خیال میں ٹیم کے تمام ارکان جانتے تھے کہ کیا ہورہا ہے اور کون سا مواد استعمال کیا جارہا ہے۔

سینڈ پیپر چاڈ سائرز کودیاگیا

چاڈ سائرز نے اپنے انٹرویو میں ایک اہم واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقا میں پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوران سینڈ پیپر انہیں بھی دیا گیا تھا تاکہ وہ اسے میدان سے باہر لے جائیں۔

ان کے مطابق وہ اس وقت کھلاڑیوں کے لیے ڈرنکس لے کر میدان میں جارہے تھے، اسی دوران کیمرون بینکرافٹ نے سینڈ پیپر انہیں تھما دیا۔

سائرز کا کہنا تھا کہ یہ پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا بلکہ وہ محض ڈرنکس لے جانے کی ذمہ داری ادا کررہے تھے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سینڈ پیپر کا استعمال صرف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ تک محدود نہیں تھا بلکہ پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوران بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی تھی۔

عثمان خواجہ کے دعوے نے پرانا تنازع دوبارہ کھول دیا

یہ تنازع سابق آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کی کتاب ’’صبر‘‘ کے سامنے آنے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔

خواجہ نے دعویٰ کیا تھا کہ 2018 کے دورہ جنوبی افریقہ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے ٹیم کے دیگر ارکان بھی واقف تھے۔ ان کے مطابق انہوں نے کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے استعمال کے حوالے سے محتاط رہنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

خواجہ کے ان دعوؤں کی ڈیوڈ وارنر نے بھی حمایت کی، جس کے بعد آسٹریلوی کرکٹ میں پرانے اسکینڈل پر نئی بحث شروع ہوگئی۔

پیٹ کمنز نے الزامات مسترد کردیے

آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سینڈ پیپر کے استعمال کا علم نہیں تھا۔

کمنز کے مطابق یہ کہنا کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا، درست نہیں۔ انہوں نے خواجہ کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

دوسری جانب چاڈ سائرز کے تازہ بیان نے اس معاملے میں اختلافات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

ڈیوڈ وارنر کا کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات پر سوال

ڈیوڈ وارنر نے کرکٹ آسٹریلیا کی 2018 کی تحقیقات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں تحقیقات کے دوران تمام شواہد فراہم نہیں کیے گئے تھے۔

وارنر نے سوال اٹھایا کہ اگر بولرز کے بیانات اور انٹرویوز موجود تھے تو انہیں یہ معلومات کیوں نہیں دی گئیں؟ ان کے مطابق اس وقت تمام حقائق سامنے نہ آنے کے باعث فیصلے کرنا مشکل تھا۔

یاد رہے کہ 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں گیند کی حالت غیرقانونی طور پر تبدیل کرنے کا واقعہ سامنے آنے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو ایک ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو 9 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں انہی تین کھلاڑیوں کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا، تاہم اب عثمان خواجہ اور چاڈ سائرز کے بیانات نے اس معاملے پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے تحقیقات دوبارہ کھولنے سے انکار کیا ہے۔