اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔
خط میں بانئ پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، میرا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔
بانئ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ براہِ کرم عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ممکن بنائیں، زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔ ستر سال کی عمر کے بعد ان کے خلاف سیاسی انتقام کی ایک بے مثال مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ انہیں نہ تو اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی وکلا تک آسان رسائی میسر ہے، جبکہ مطالعے کے لیے کتابیں اور ٹیلی ویژن کی سہولت بھی چھین لی گئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انہیں وکلا سے صرف 4 مرتبہ ملاقات کی اجازت دی گئی ہے اور جیل حکام کی جانب سے اہلخانہ کے ساتھ طے شدہ ہفتہ وار ملاقاتیں بھی مسلسل منسوخ کی جا رہی ہیں، یہاں تک کہ ان کے بیٹوں کو بھی فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
صحت کے سنگین مسائل کا ذکر کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے خط میں انکشاف کیا کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی مسلسل کمی نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی اسی طرح قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے تینوں اعلیٰ عدالتی سربراہان کو خط لکھنے کی پیش رفت سامنے آنے کے بعد قانونی اور سیاسی حلقوں میں اس معاملے پر توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔
حالیہ دنوں میں عمران خان کی صحت، جیل میں طبی سہولیات، اہل خانہ اور وکلا سے ملاقاتوں اور اسپتال منتقلی کے معاملے پر بھی مختلف عدالتوں سے رجوع کیا جاتا رہا ہے۔ ان کے وکلا نے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔


