اب روبوٹس کریں گے انسانوں کی موت کا فیصلہ؟ اقوام متحدہ نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا کے ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگی میدانوں میں استعمال ہونے والے خودکار مہلک ہتھیاروں (قاتل روبوٹس) کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری طور پر عالمی اور قانونی طور پر پابند قوانین بنائے جائیں۔

فرانس 24 کے مطابق 16 نومبر 2026 کو جنیوا میں اقوام متحدہ کی ایک اہم کانفرنس سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت (اےآئی) سے چلنے والے خودکار ہتھیار انسانوں کی زندگی اور موت کا فیصلہ کرنے کی صلاحیت حاصل کررہے ہیں، جو عالمی امن اور انسانی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممالک کو ایسے ہتھیاروں کے استعمال پر واضح پابندیوں اور حدود کے تعین کے لیے قانونی معاہدے پر مذاکرات شروع کرنے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو ان بے رحم ہتھیاروں کے استعمال اور پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور مسلح تنازعات میں شہریوں کو تباہی اور غیر ضروری تکالیف سے محفوظ رکھنا ہوگا۔

کیا ہوتے ہیں قاتل روبوٹس؟

قاتل روبوٹس یا مہلک خودکار ہتھیار ایسے جنگی نظام ہیں جو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انسانی مداخلت کے بغیر اہداف کی شناخت، انتخاب اور ان پر حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

روایتی ہتھیاروں کے برعکس ان نظاموں میں بعض فیصلے مشین خود کرسکتی ہے، جس سے جنگی میدان میں انسانی کنٹرول اور جواب دہی کے حوالے سے سنگین سوالات پیدا ہورہے ہیں۔

ماہرین کو خدشہ ہے کہ اگر ایسے ہتھیاروں کو انسانی نگرانی کے بغیر استعمال کیا گیا تو عام شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

جنیوا میں ہونے والی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں 128 ممالک کے نمائندے شریک ہیں، جہاں یہ فیصلہ کیا جانا ہے کہ خودکار مہلک ہتھیاروں کے حوالے سے قانونی طور پر پابند عالمی قوانین بنانے کے لیے مذاکرات شروع کیے جائیں یا نہیں۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ممالک نے فیصلہ کن اقدامات نہ کیے تو شہری آبادی کو خطرات سے دوچار ہونا پڑے گا۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کے نمائندے لوراں ژیزل کے مطابق مصنوعی ذہانت میں تیز رفتار ترقی نے خودکار ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی ضرورت مزید بڑھا دی ہے۔

امریکا، روس اور اسرائیل سمیت 5 ممالک کی مخالفت

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گزشتہ ماہ 163 ممالک نے خودکار ہتھیاروں سے متعلق قوانین پر مذاکرات شروع کرنے کی حمایت میں قرارداد منظور کی تھی۔

تاہم پانچ ممالک نے اس کی مخالفت کی، جن میں امریکا، روس، بیلاروس، اسرائیل اور شمالی کوریا شامل ہیں، جبکہ چین، ایران اور سعودی عرب سمیت نو ممالک نے ووٹنگ میں غیر جانبدارانہ مؤقف اختیار کیا۔

امریکا نے ایسے ہتھیاروں کے لیے پانچ سالہ غیر پابند معاہدے کا عمل تجویز کیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور ریڈ کراس ایک سال کے اندر مذاکراتی عمل مکمل کرنے کی حمایت کررہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق روس پر یوکرین میں مکمل خودکار ڈرونز کے مہلک استعمال کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں، جبکہ یوکرین کی دفاعی صنعت بھی خودکار ڈرونز کے جھنڈ تیار کرنے پر کام کررہی ہے۔

روس نے جنیوا کانفرنس میں مبصر ممالک اور سول سوسائٹی کی شرکت محدود کرنے کی کوشش بھی کی، جس پر انسانی حقوق کے کارکنوں نے تنقید کی۔

ماہرین کے مطابق عالمی طاقتوں کے اختلافات کے باعث رواں ہفتے قانونی طور پر پابند معاہدے پر مذاکرات شروع کرنے کے حوالے سے اتفاق رائے مشکل دکھائی دیتا ہے۔