ممبئی: بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو ٹائیگر شروف نے گزشتہ ماہ اپنے اوپر ہونے والے مبینہ قاتلانہ حملے کے 29 روز بعد سوشل میڈیا پر واپسی کرلی ہے۔
اداکار نے 16 نومبر 2026 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آنے والے گانے ’’تینوں لے کے جانا‘‘ کا مختصر ٹیزر شیئر کیا، جس میں وہ اپنے مخصوص ایکشن اور ڈانس اسٹائل کے ساتھ مسلز دکھاتے نظر آرہے ہیں۔
ٹائیگر شروف نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں لکھا ’’ایک اور موقع، ایک اور ڈانس‘‘ اور خوشی کے اظہار والے ایموجیز بھی شامل کیے۔
ان کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ حاصل کرگیا، کیونکہ 18 اکتوبر کو ممبئی میں فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار منظر عام سے غائب تھے اور انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی کوئی نئی پوسٹ شیئر نہیں کی تھی۔
بہن کرشنا شروف کا جذباتی پیغام
ٹائیگر شروف کی واپسی پر ان کی بہن کرشنا شروف نے بھی خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے بھائی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا:’’وہ واپس آگیا ہے‘‘
کرشنا نے ایک اور کمنٹ میں ایموجیز کے ذریعے بھی اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
اداکار کی پوسٹ سامنے آتے ہی چند منٹوں میں ایک ہزار سے زائد تبصرے آگئے اور مداحوں نے ان کی واپسی کا خیرمقدم کیا۔
ٹائیگر شروف کا نیا گانا ’’تینوں لے کے جانا‘‘ ٹی سیریز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔
گانے کو دِی رِش اور شریا جین نے آواز دی ہے، جبکہ انکن سین نے اس کی کوریوگرافی کی ہے۔
اس گانے میں ٹائیگر شروف کے ساتھ اداکارہ کیتیکا شرما بھی نظر آئیں گی۔ یہ گانا پہلے فردین خان اور کنال کھیمُو کی فلم ’’جے ویرو‘‘ میں شامل تھا، جبکہ اب اسے نئے انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔


