ڈیوڈ وارنر سے سینڈ پیپر معاملے کی حقیقت سامنے لانے کا وعدہ کیا تھا: عثمان خواجہ

سڈنی: آسٹریلیا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 2020 میں اپنے بچپن کے دوست اور سابق ساتھی کرکٹر ڈیوڈ وارنر سے وعدہ کیا تھا کہ وہ 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کی حقیقت سامنے لائیں گے۔

عثمان خواجہ نے ایک تازہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے یہ وعدہ چھ سال پہلے کیا تھا اور اب اپنی سوانح عمری صبر میں اس واقعے سے متعلق اپنا مؤقف بیان کرکے اسے پورا کیا ہے۔

ان کے مطابق انہوں نے اپنی کتاب میں کیا لکھا ہے، اس بارے میں ڈیوڈ وارنر کو اشاعت سے صرف دو ماہ قبل بتایا تھا۔ وارنر کو اس سے پہلے کتاب کے مندرجات کا علم نہیں تھا اور وہ یہ جان کر حیران رہ گئے تھے۔

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا ہے کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے آسٹریلوی ٹیم کے دیگر کھلاڑی بھی آگاہ تھے۔

یاد رہے کہ مارچ 2018 میں کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو گیند کی حالت تبدیل کرنے کے لیے سینڈ پیپر (ریگ مال) استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر ایک، ایک سال جبکہ بینکرافٹ پر نو ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

خواجہ کا مؤقف ہے کہ تین کھلاڑیوں کو پورے معاملے کی ذمہ داری اٹھانا پڑی، جبکہ ٹیم کی اجتماعی ذمہ داری کا تعین نہیں کیا گیا۔

انہوں نے ان تینوں کھلاڑیوں کے خلاف کرکٹ آسٹریلیا کی سزاؤں کو حد سے زیادہ سخت قرار دیا ہے۔

عثمان خواجہ نے بتایا کہ 2018 میں پابندیوں کے بعد انہوں نے میڈیا کے سامنے حقیقت بیان کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا۔

ان کے مطابق 2021 میں بھی انہوں نے اس معاملے پر بات کرنے کا سوچا، لیکن اس وقت وہ قومی ٹیم کا حصہ تھے اور اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ اختلافات پیدا نہیں کرنا چاہتے تھے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے خواجہ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے خواجہ کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔