ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن ایک میز پر: چین نے ملاقات کی تصدیق کردی

بیجنگ: عالمی سیاست میں بڑی پیش رفت کے طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن جمعرات کو چین کے جنوبی شہر میں ملاقات کریں گے۔ تینوں رہنما ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک ہی میز پر بیٹھیں گے۔

اے ایف پی کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے دنیا کی 3 سپر پاورز کے صدور کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں رہنما عالمی امن کے تحفظ اور بڑی طاقتوں کے تعلقات میں اسٹریٹجک استحکام کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔

ماؤ ننگ نے ملاقات کو غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی سیاست میں دور رس اور تاریخی اثرات مرتب کرسکتی ہے۔تاہم بیجنگ نے ابھی تک مذاکرات کے مکمل ایجنڈے کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کی روک تھام اور تخفیفِ اسلحہ کا معاملہ اہم موضوع بن سکتا ہے۔

امریکا چاہتا ہے کہ چین بھی جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے کسی بین الاقوامی معاہدے کا حصہ بنے، کیونکہ واشنگٹن کو چین کے تیزی سے بڑھتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے ذخیرے پر تشویش ہے۔

دوسری جانب چین کا مؤقف ہے کہ امریکا اور روس کے پاس دنیا کے سب سے بڑے جوہری ذخائر موجود ہیں، اس لیے پہلے ان دونوں ممالک کو اپنے جوہری ہتھیاروں میں کمی کرنی چاہیے۔

فروری میں امریکا اور روس کے درمیان جوہری ہتھیاروں سے متعلق دوطرفہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد صدر ٹرمپ نے چین کو شامل کرکے ایک بہتر معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی کہا ہے کہ اگر تینوں رہنما جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لیے سنجیدہ عزم کا مظاہرہ کریں تو یہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

ایران جنگ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اشارہ دیا ہے کہ تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے پر بھی بات ہوگی۔

ٹرمپ کے مطابق وہ جوہری ہتھیاروں کے علاوہ کئی دیگر معاملات پر گفتگو کریں گے اور امریکا ایران جنگ ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

چین ایران کا اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور اس تنازع کے حل کے لیے سفارتی کوششیں بھی کرتا رہا ہے۔

ایران جنگ کے باعث خطے میں کشیدگی، عالمی بحری تجارت میں خلل اور تیل کی قیمتوں میں اضافے نے عالمی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے۔

چین کا کہنا ہے کہ خطے میں دوبارہ جنگ شروع ہونے سے روکنا اس کی اولین ترجیح ہے۔ بیجنگ حالیہ ہفتوں میں مشرق وسطیٰ کے مختلف ممالک کے رہنماؤں اور سفارت کاروں کی میزبانی بھی کرچکا ہے تاکہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لایا جاسکے۔

یوکرین جنگ پر خاموشی

تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات میں یوکرین جنگ کا معاملہ سب سے حساس موضوع ثابت ہوسکتا ہے۔

روسی صدر پیوتن مبینہ طور پر چاہتے ہیں کہ اس ملاقات کے ذریعے یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے ایسا معاہدہ طے پائے جو ماسکو کے مفادات کے مطابق ہو، تاہم امریکی حکام کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے یہ معاملہ اٹھائے جانے کا امکان کم ہے۔

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے یوکرین جنگ کو تین ملکی مذاکرات میں شامل کرنے کے خیال پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

شی جن پنگ کا مؤقف ہے کہ یوکرین کا تنازع بنیادی طور پر یورپی معاملہ ہے اور اس کے حل کے لیے یورپی ممالک کی شمولیت ضروری ہے۔

زیلنسکی کو خدشہ

یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے تینوں عالمی رہنماؤں کی مجوزہ ملاقات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا خدشہ ہے کہ یہ ملاقات 1945 کی یالٹا کانفرنس جیسی ثابت ہوسکتی ہے، جہاں امریکا، برطانیہ اور سوویت یونین کے رہنماؤں نے دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی نقشے اور اثر و رسوخ کی تقسیم سے متعلق فیصلے کیے تھے۔

یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سائیبیہا نے بھی کہا ہے کہ امریکا، چین اور روس کے سربراہان کی ایسی ملاقات پیوتن کو جنگ جاری رکھنے کی مزید حوصلہ افزائی دے سکتی ہے۔

مجموعی طور پر یہ ملاقات جوہری ہتھیاروں کے مستقبل، ایران جنگ، عالمی طاقتوں کے تعلقات اور عالمی امن کے لیے انتہائی اہم سمجھی جارہی ہے۔