ڈاکٹروں کے احتجاج پر سنی دیول کی فلم سوریا کی ریلیز ملتوی

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنی دیول اور روی کشن کی آنے والی فلم ’’سوریا: انت سے آرمبھ تک‘‘ کو ڈاکٹروں کی تنظیم انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے احتجاج اور قانونی تنازع کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فلم 20 نومبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونا تھی، تاہم فلم سازوں نے تنازع حل ہونے تک ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلم کی نئی ممکنہ ریلیز تاریخ 15 جنوری 2027 زیر غور ہے، تاہم پروڈیوسرز نے ابھی تک اس تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

فلم کا پہلا ٹیزر 19 اکتوبر کو سنی دیول کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا تھا، جس کے بعد تنازع شروع ہوگیا۔

ٹیزر میں سنی دیول کو صحت کے نظام میں مبینہ خرابیوں کے خلاف لڑتے اور ڈاکٹروں کے ساتھ تشدد کرتے دکھایا گیا ہے۔

انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے فلم میں ڈاکٹروں کی عکاسی پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس طرح کے مناظر معاشرے میں ڈاکٹروں کے خلاف نفرت اور تشدد کو فروغ دے سکتے ہیں۔

تنظیم نے فلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکام سے مداخلت کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

فلم کے خلاف ڈاکٹروں کی جانب سے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں فلم کی ریلیز روکنے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے سماعت کے دوران مرکزی حکومت، سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن اور فلم سازوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔

اس کے علاوہ 5 نومبر کو فلم کے خلاف ایک اور مفاد عامہ کی درخواست بھی دائر ہوئی، تاہم عدالت نے اسے الگ سے سننے سے انکار کردیا کیونکہ معاملہ پہلے ہی ایک جج کے سامنے زیر سماعت تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم سازوں کا کہنا ہے کہ آئی ایم اے کے تحفظات دور کرنے اور سینسر بورڈ کی منظوری ملنے کے بعد ہی نئی ریلیز تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔