اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمر قید کی سزا پانے والے مجرموں کی قبل از وقت رہائی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ عمر قید کا مجرم کم از کم 15 سال حقیقی قید پوری کیے بغیر جیل سے رہا نہیں ہوسکتا، تاہم آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت صدر مملکت کا خصوصی اختیارِ معافی اپنی آئینی حیثیت برقرار رکھتا ہے۔
جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ کی جانب سے تحریر کردہ 10 صفحات پر مشتمل فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ جیل حکام یا انتظامیہ عمومی معافیوں کو یکجا کرکے کسی عمر قید کے مجرم کی حقیقی قید 15 سال سے کم نہیں کرسکتے۔
عدالت نے قرار دیا کہ 15 سال کی لازمی حقیقی قید مکمل کیے بغیر غیر مجاز انتظامی معافی کے ذریعے کی جانے والی رہائی ابتدا ہی سے غیر قانونی اور کالعدم تصور ہوگی۔ انتظامی غفلت یا غیر مجاز اختیارات کے ذریعے عدالتی فیصلوں کی حتمیت اور تقدس متاثر نہیں کیا جاسکتا۔
گل نواب کی 9 سال بعد رہائی غیر قانونی قرار
فیصلے کے مطابق تقریباً 23 سال قبل ایک شخص کے قتل کے الزام میں گل نواب کے خلاف مقدمہ درج ہوا تھا۔ پشاور ہائی کورٹ نے انہیں عمر قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ وہ 12 سال تک مفرور رہنے کے بعد گرفتار ہوئے تھے۔
سینٹرل جیل مردان کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ گل نواب 9 سال، 11 ماہ اور 16 دن قید کاٹنے کے بعد 10 مئی 2025 کو رہا ہوگئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں مجموعی طور پر 15 سال، 6 ماہ اور 14 دن کی سزا میں معافی دی گئی تھی۔
سپریم کورٹ نے ان کی رہائی کو غیر قانونی اور بغیر قانونی اختیار کے قرار دیتے ہوئے فوری گرفتاری اور باقی ماندہ سزا پوری کرنے کے لیے دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ جیل سے باہر آزاد رہنے کا عرصہ ان کی سزا میں شمار نہیں ہوگا۔
صدر مملکت اور جیل حکام کے اختیارات میں فرق
سپریم کورٹ نے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 45 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو کسی عدالت، ٹریبونل یا مجاز اتھارٹی کی جانب سے دی گئی سزا معاف، معطل یا کم کرنے کا آئینی اختیار حاصل ہے۔
عدالت کے مطابق جیل قواعد کے قواعد 140 اور 217 کے تحت عمر قید کے قیدی کے لیے کم از کم 15 سال حقیقی قید لازمی ہے، تاہم صدر مملکت کا آئینی اختیار ان ماتحت قواعد پر غالب آسکتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ جیل حکام آئینی اختیارات استعمال نہیں کرسکتے اور نہ ہی عمومی معافیوں کے ذریعے عمر قید کی سزا کو ازخود کم کرسکتے ہیں۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ اگر صدارتی خصوصی معافی اور جیل قواعد کے تحت عمومی معافیوں کو جمع کرنے سے حقیقی قید 15 سال سے کم ہوجائے تو عمومی معافی کو اس حد تک کم کیا جائے گا کہ 15 سال کی لازمی قید برقرار رہے، جبکہ صدارتی خصوصی معافی اپنی جگہ برقرار رہے گی۔
سنگین جرائم اور معافی کا معاملہ
سپریم کورٹ نے اپنے سابقہ نذر حسین کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قتل، دہشت گردی، ڈکیتی اور اغوا جیسے سنگین جرائم میں عمومی یا خصوصی معافی سے متعلق قانونی اصولوں کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
فیصلے میں واضح کیا گیا کہ اگر صدر مملکت کے صدارتی نوٹیفکیشن میں قتل کے جرم میں عمر قید پانے والوں کو معافی سے مستثنیٰ قرار نہیں دیا گیا تو قومی معافی پالیسی یا ماتحت قوانین اپنی طرف سے ایسی پابندی عائد نہیں کرسکتے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ صدارتی معافی کا بنیادی مقصد مجرموں کی اصلاح، بحالی، کردار سازی اور جیلوں میں مثبت رویے کی حوصلہ افزائی ہے۔
پولیس اور جیل حکام کو سخت ہدایات
سپریم کورٹ نے ٹرائل کورٹ کو گل نواب کے خلاف نیا وارنٹ گرفتاری جاری کرنے اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
فیصلے میں مزید حکم دیا گیا ہے کہ تمام اضلاع اور مرکزی جیلوں کے سپرنٹنڈنٹس ضابطہ فوجداری کی دفعہ 400 کے تحت سزا مکمل ہونے کے بعد وارنٹ ٹرائل کورٹ کو واپس بھیجنے کے پابند ہوں گے، جس میں سزا پر عمل درآمد کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔
عدالت کے مطابق سزا پر درست عمل درآمد نہ ہونے سے عدالتی اختیار متاثر ہوتا ہے، انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوتے اور فوجداری نظام پر عوام کا اعتماد کمزور پڑتا ہے۔
فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ و قبائلی امور اور آئی جی جیل خانہ جات خیبر پختونخوا نے جیل ایکٹ 1894 کی دفعہ 59(5) کے تحت کم از کم قانونی قید کی مدت پر عمل درآمد کا تحریری عہد بھی کیا ہے۔


