دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جے شاہ کو دوسری مدت کے لیے چیئرمین منتخب کرلیا ہے۔ وہ آئندہ دو سال تک عالمی کرکٹ کی سربراہی کریں گے۔ جے شاہ اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے اور انہیں آئی سی سی بورڈ کے ڈائریکٹرز نے بالی میں ہونے والے اجلاس کے دوران نامزد کیا۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے 38 سالہ جے شاہ نے دوبارہ انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی سربراہی ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ دنیا بھر میں کرکٹ کے فروغ اور کھیل کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے آئی سی سی کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
جے شاہ نے کہا کہ کرکٹ اپنی تاریخ کے اہم اور دلچسپ دور میں داخل ہو رہی ہے۔ لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور نوجوان نسل کو کرکٹ کی جانب راغب کرنے کا غیر معمولی موقع فراہم کرے گی۔
جے شاہ پہلی مرتبہ اگست 2024 میں آئی سی سی چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور دسمبر 2024 میں عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔ وہ اس منصب پر فائز ہونے والے کم عمر ترین چیئرمین بنے تھے۔ اس سے قبل وہ آئی سی سی کی بااثر فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔
بالی اجلاس کے اہم فیصلے
آئی سی سی کے بالی میں ہونے والے اجلاس میں عالمی کرکٹ کے حوالے سے مزید اہم فیصلوں کی بھی تصدیق کی گئی۔
ان فیصلوں کے تحت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2031 تک 9 ٹیموں پر مشتمل رہے گی۔ بنگلا دیش اور امریکا لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے کرکٹ ایونٹ کے ٹی20 کوالیفائرز کی میزبانی کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی 2027 ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائر سے سپر سکس مرحلہ ختم کردیا گیا ہے۔


