اے آئی سے امتحان میں نقل: جنوبی کوریا میں تعلیمی نظام ہل کر رہ گیا

سیئول: جنوبی کوریا میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے امتحانات میں نقل کا ایک غیر معمولی واقعہ سامنے آنے کے بعد تعلیمی حکام میں تشویش پھیل گئی ہے۔ حکومت نے رواں ہفتے ہونے والے ملک کے اہم ترین کالج داخلہ امتحان میں نقل کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات پر غور شروع کردیا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق ایک امیدوار نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے رواں سال ٹیکس اکاؤنٹنسی کے دو قومی امتحانات میں انتہائی چھوٹے کیمرے اور اسمارٹ فون کی مدد سے مصنوعی ذہانت استعمال کرتے ہوئے غیر معمولی نتائج حاصل کیے۔

اس انکشاف کے بعد جنوبی کوریا کے تعلیمی حلقوں میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں امتحانات کی شفافیت کیسے برقرار رکھی جائے۔

چھوٹے کیمرے اور اے آئی سے امتحان میں نقل

رپورٹ کے مطابق فراڈ کرنے والے امیدوار نے دونوں امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پہلے امتحان میں اس نے 160 سوالات میں سے 159 کے درست جوابات دیے، جسے کئی ٹیکس اکاؤنٹنٹس نے تقریباً ناقابل یقین کارکردگی قرار دیا تھا۔

بعد ازاں امیدوار نے اپنے وکیل کے یوٹیوب چینل پر ویڈیو اعتراف میں بتایا کہ اس نے چھوٹے کیمرے اور اسمارٹ فون کی مدد سے امتحان میں نقل کی تھی۔

اس واقعے نے حکام کو پریشان کردیا ہے کیونکہ اب امتحانی مراکز میں روایتی میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے جدید چھپے ہوئے الیکٹرانک آلات پکڑنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

جنوبی کوریا کا سب سے بڑا امتحان

جنوبی کوریا میں کالج اور یونیورسٹیوں میں داخلے کے لیے ہونے والا سالانہ امتحان سونیونگ 19 نومبر کو منعقد ہوگا۔

اس سال پانچ لاکھ سے زائد طلبہ تقریباً نو گھنٹے طویل امتحان میں شریک ہوں گے۔

جنوبی کوریا میں اس امتحان کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے کیونکہ اعلیٰ یونیورسٹی میں داخلہ مستقبل میں اچھی ملازمت اور سماجی مقام کے حصول کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

امتحان کے دوران ملک میں معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوتے ہیں۔ انگریزی سننے کے امتحان کے وقت پروازیں عارضی طور پر روک دی جاتی ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار بھی ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوتا ہے۔

امتحانی مراکز میں تھرمل کیمرے

امتحانی فراڈ کے انکشاف کے بعد جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر نے امتحانی مراکز میں تھرمل کیمرے نصب کرنے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔

حکام عوامی وائی فائی نیٹ ورکس کو امتحانی مراکز کے قریب عارضی طور پر بند کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق 5جی اور ایل ٹی ای موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے اور سگنل جام کرنے والے آلات استعمال کرنے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موبائل سگنلز بند کرنے سے قریبی رہائشی علاقوں کی مواصلاتی سہولیات اور ہنگامی کالز بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔

طلبہ پریشان

امتحان دینے والے طلبہ میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اگر نگران مسلسل ان کی عینک چیک کرتے رہے تو ان کے لیے امتحان پر توجہ مرکوز کرنا مشکل ہوجائے گا۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز میں دستیاب میٹل ڈیٹیکٹرز کی تعداد بھی ناکافی ہے اور جدید ترین چھوٹے کیمروں اور کانوں میں لگائے جانے والے انتہائی باریک آلات کی نشاندہی کرنا آسان نہیں۔

امتحانی نظام کی شفافیت پر سوال

ماہرین تعلیم کے مطابق یہ معاملہ صرف ایک امیدوار کی نقل تک محدود نہیں بلکہ پورے امتحانی نظام پر عوامی اعتماد کا سوال بن چکا ہے۔

اب حکام سرکاری پیشہ ورانہ امتحانات میں مشکوک نتائج کے تمام معاملات کا دوبارہ جائزہ لینے کا منصوبہ بھی بنا رہے ہیں۔