میکسیکو: دنیا کی بدنام زمانہ منشیات کی تجارت کے اہم کردار اور میکسیکو کے طاقتور ترین منشیات فروشوں میں شمار ہونے والے میگوئل اینجل فیلکس گایارڈو 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
اے ایف پی کے مطابق ’’باس آف باسز‘‘ اور ’’گاڈ فادر‘‘ کے نام سے مشہور فیلکس گایارڈو کا انتقال میکسیکو کے شہر گواڈالاخارا کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
مقامی حکام کے مطابق انہیں طبیعت بگڑنے پر دو روز قبل جیل سے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں متعدد اعضا کے ناکارہ ہونے کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔
میکسیکو کی ریاست خالیسکو کے سکیورٹی حکام نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
پولیس افسر سے منشیات کی دنیا کے بادشاہ
میکسیکو کی ریاست سینالوا کے شہر کولیاکان میں 8 جنوری 1946 کو پیدا ہونے والے فیلکس گایارڈو نے عملی زندگی کا آغاز پولیس افسر کے طور پر کیا تھا۔
بعد ازاں وہ ایک مقامی گورنر کے محافظ بھی رہے، لیکن وقت کے ساتھ منشیات کی غیر قانونی تجارت کی دنیا میں داخل ہوگئے۔
انہوں نے 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں گواڈالاخارا کارٹیل قائم کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا، جو میکسیکو کے ابتدائی بڑے منشیات کے نیٹ ورکس میں شمار ہوتا تھا۔
ان کے نیٹ ورک نے کولمبیا کے منشیات فروشوں، خصوصاً پابلو ایسکوبار کے میڈیلین کارٹیل کے ساتھ روابط قائم کیے اور امریکا میں بڑے پیمانے پر کوکین کی ترسیل کے نظام کو وسعت دی۔
فیلکس گایارڈو کی زندگی کا سب سے بڑا قانونی تنازع 1985 میں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی (ڈی ای اے) کے ایجنٹ اینریکے ’’کیکی‘‘ کامارینا کے اغوا اور قتل کا مقدمہ تھا۔
امریکی ایجنٹ کو اغوا کے بعد تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد امریکا اور میکسیکو کے درمیان سفارتی کشیدگی بھی پیدا ہوئی۔
فیلکس گایارڈو کو اپریل 1989 میں گرفتار کیا گیا اور منشیات کی اسمگلنگ اور اسلحے سے متعلق جرائم میں 40 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
بعد ازاں 2017 میں امریکی ایجنٹ کے اغوا اور قتل کے مقدمے میں بھی انہیں مجرم قرار دیا گیا اور مزید 37 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
اس طرح انہیں مجموعی طور پر 77 سال قید کی سزاؤں کا سامنا تھا۔ تاہم انہوں نے قتل اور منشیات کی تجارت میں اپنے کردار سے انکار کیا تھا۔
فیلکس گایارڈو طویل عرصے سے مختلف بیماریوں کا شکار تھے۔ ان کی بینائی، سماعت اور چلنے پھرنے کی صلاحیت بھی شدید متاثر ہوچکی تھی۔
رپورٹس کے مطابق وہ ایک آنکھ سے نابینا ہوچکے تھے اور انہیں ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس سمیت دیگر طبی مسائل بھی لاحق تھے۔
نیٹ فلکس سیریز
فیلکس گایارڈو کی زندگی، جرائم کی دنیا میں عروج اور گرفتاری کی کہانی کو نیٹ فلکس کی مقبول سیریز نارکوس: میکسیکومیں بھی پیش کیا گیا تھا۔
ان کی موت کے ساتھ میکسیکو کی منشیات کی تاریخ کے ایک اہم اور متنازع دور کا ایک بڑا کردار بھی ختم ہوگیا۔


