احسن خان سے محبت تھی دوبارہ کبھی ویسا پیار کسی سے نہیں ہوا: اداکارہ لیلیٰ

کراچی: پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور سابق فلم اسٹار لیلیٰ کا کہنا ہے کہ اداکار احسن خان سے جو محبت تھی، پھر دوبارہ کبھی کسی سے ویسا پیار نہیں ہوا۔

میزبان و اداکارہ متھیرا کے پروگرام ان فلٹرڈ ود متھیرا میں گفتگو کے دوران لیلیٰ نے اپنی نجی زندگی، ماضی کی محبت، شادی اور زندگی کے مشکل حالات سے متعلق کئی اہم انکشافات کیے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیلیٰ نے بتایا کہ انہیں زندگی میں صرف ایک مرتبہ حقیقی محبت ہوئی اور وہ محبت اداکار احسن خان سے تھی۔ دونوں کے درمیان یہ تعلق اس وقت ختم ہوگیا تھا جب ان کی عمریں محض 17 برس تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ آج بھی احسن خان کا ذکر انتہائی احترام اور اچھے الفاظ میں کرتی ہیں، کیونکہ ان کی شخصیت اور مثبت سوچ نے ہمیشہ انہیں متاثر کیا۔

لیلیٰ نے گفتگو کے دوران اپنی زندگی کے ایک مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ ذاتی صدمات اور نقصانات سے گزر رہی تھیں تو ان کے کئی قریبی دوستوں نے بھی ان سے رابطہ ختم کرلیا تھا۔

تاہم احسن خان وہ شخص تھے جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ نہیں چھوڑا، انہیں فون کرکے خیریت دریافت کرتے اور حوصلہ دیتے رہے۔

اداکارہ کے مطابق احسن خان کی فون کالز ان کے لیے بہت اہمیت رکھتی تھیں اور ان کا مثبت رویہ آج بھی انہیں یاد ہے۔

لیلیٰ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ احسن خان کے بعد انہیں دوبارہ کبھی ویسی محبت محسوس نہیں ہوئی جیسی پہلی مرتبہ ہوئی تھی۔

متھیرا نے پروگرام میں لیلیٰ سے شادی نہ کرنے کی وجہ بھی دریافت کی، جس پر اداکارہ نے بتایا کہ زندگی میں مسلسل پیش آنے والے صدمات اور خاندانی ذمہ داریوں نے انہیں اپنی شادی کے بارے میں سوچنے کا زیادہ موقع نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان کے افراد ان پر انحصار کرتے ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریوں کو نظرانداز نہیں کرسکتیں۔

لیلیٰ نے واضح کیا کہ اگر مستقبل میں ان کی زندگی میں کوئی شریکِ سفر آتا ہے تو وہ ایسا شخص ہونا چاہیے جو ان کے حالات، خاندان اور ذمہ داریوں کو سمجھ سکے۔

ان کے مطابق شادی صرف دو افراد کے درمیان تعلق کا نام نہیں بلکہ ایک دوسرے کے حالات اور ذمہ داریوں کو سمجھنے کا نام بھی ہے۔

اداکارہ نے جدید دور کے تعلقات پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کل بہت سے رشتے انہیں مصنوعی اور غیر حقیقی محسوس ہوتے ہیں۔ لیلیٰ کے مطابق احسن خان کے ساتھ پہلی محبت کا جو احساس تھا، وہ دوبارہ کبھی ان کے دل میں پیدا نہیں ہوا۔