پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو پورٹ قاسم پہنچ گیا، 15 ہزار ٹن گیس درآمد

کراچی: پاکستان کے ایل پی جی شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔ درآمدی ایل پی جی کا یہ جہاز اینگرو ووپاک ٹرمینل پر لنگر انداز ہوا، جسے ملک میں ایل پی جی کی درآمد اور فراہمی کے نظام میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

حکومت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ہدایات پر ایل پی جی کے شعبے میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، جن کے تحت سرکاری کمپنیوں کو بھی ایل پی جی کی درآمد میں فعال اور قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے نظام کے تحت پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایس ایل ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر جواد علی خان، اوگرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سرمد اسلم اور اینگرو ٹرمینل کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیشل سیکریٹری پٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے کہا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ ایل پی جی کارگو ملک میں اس شعبے کے نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم اور وزیر پٹرولیم کی ہدایات کے مطابق عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی درآمد میں اضافے سے مقامی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ خاص طور پر موسم سرما کے دوران پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے یہ اقدامات اہم ثابت ہوسکتے ہیں۔

وزارت پٹرولیم کے اعلامیے کے مطابق ماضی میں مختلف ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی کی درآمد میں فعال کردار ادا نہیں کر رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت ان کمپنیوں کو درآمدی عمل میں قائدانہ کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ آنے والے ہفتوں میں ایل پی جی کے مزید جہاز پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر بنانے اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹو عمار شاہ نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں اور اس سے توانائی کے شعبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ موسم سرما میں پاکستان کے کئی علاقوں میں ایل پی جی گھریلو ایندھن کا اہم ذریعہ ہے، خصوصاً ایسے پہاڑی اور دور دراز علاقے جہاں پائپ لائن کے ذریعے قدرتی گیس کی فراہمی ممکن نہیں۔ ایسے میں درآمدی ایل پی جی کی دستیابی میں اضافہ صارفین کے لیے اہمیت رکھتا ہے، تاہم اس کے حقیقی اثرات کا انحصار درآمدی لاگت، مقامی تقسیم اور مارکیٹ میں فروخت کی قیمتوں پر ہوگا۔