لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 38 کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں معاہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ نئے معاہدوں کی مدت 30 جون 2027 تک ہوگی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم اور ون ڈے فارمیٹ کے سابق کپتان سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے کنٹریکٹس دیے گئے ہیں، جبکہ چار کھلاڑیوں کو صرف ٹیسٹ، چھ کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی، اور سات کھلاڑیوں کو صرف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے لیے کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کنٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں بابر اعظم اور سلمان علی آغا کے علاوہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔ اس طرح ٹیسٹ فارمیٹ کے لیے مجموعی طور پر چھ کھلاڑیوں کو معاہدے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے مشترکہ کنٹریکٹ میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے لیے حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی ہے۔
اس مرتبہ پی سی بی نے نوجوان اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی تیاری کے لیے ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ کی فہرست بھی جاری کی ہے، جس میں 19 کھلاڑی شامل ہیں۔ ان میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طٰہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی گھوری، محمد عمران رندھاوا، رضاؤ اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شہزیب خان، شمیل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔
کرکٹ بورڈ حکام کا کہناہے کہ ڈویلپمنٹ کنٹریکٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پی سی بی نے قومی ٹیم کے موجودہ کھلاڑیوں کے ساتھ مستقبل کے ممکنہ بین الاقوامی کرکٹرز کی تیاری کو بھی معاہدوں کے ڈھانچے میں جگہ دی ہے۔
نئے کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کو ان کے متعلقہ فارمیٹس کے مطابق الگ الگ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ ڈویلپمنٹ کیٹیگری کے ذریعے نوجوان ٹیلنٹ کو بھی اہمیت دی گئی ہے۔ تمام معاہدے 30 جون 2027 کو اختتام پذیر ہوں گے۔


