امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، نکھل گپتا کو 19 سال 7 ماہ قید

نیویارک: امریکا کی وفاقی عدالت نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کو 19 سال 7 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق 55 سالہ نکھل گپتا کو مجموعی طور پر 235 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ اس نے رواں سال فروری میں قتل کے لیے رقم دینے، قتل کی سازش اور منی لانڈرنگ کی سازش سمیت تین الزامات کا اعتراف کیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق نکھل گپتا نے 2023 میں بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کی ہدایت پر امریکا میں مقیم سکھ رہنما اور وکیل گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی میں کردار ادا کیا۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں ایک ایسے شخص سے رابطہ کیا گیا جو بظاہر قاتل کا انتظام کرسکتا تھا، تاہم وہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کا خفیہ اہلکار تھا۔

امریکی حکام کے مطابق منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور نکھل گپتا کو 30 جون 2023 کو چیک ری پبلک میں گرفتار کیا گیا، بعد ازاں جون 2024 میں امریکا منتقل کردیا گیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران نکھل گپتا نے اپنے کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پنوں، متاثرہ برادری اور اپنے خاندان سے معافی مانگی۔ دوسری جانب گرپتونت سنگھ پنوں نے عدالت کو بتایا کہ مبینہ قتل کی سازش سامنے آنے کے بعد وہ 1200 دن سے زائد عرصے تک معمول کے مطابق اپنی وکالت کی سرگرمیاں جاری نہیں رکھ سکے۔

مقدمے میں نامزد بھارتی سرکاری اہلکار وکاش یادو کو تاحال ان الزامات کے سلسلے میں گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ امریکی حکام کے مطابق اس کیس نے امریکا اور بھارت کے تعلقات میں بھی تناؤ پیدا کیا ہے، جبکہ بھارت ایسے منصوبوں میں حکومتی مداخلت کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔