ٹیلر سوئفٹ کا ٹوائے اسٹوری سیریز کی نئی فلم کے لیے نیا گانا

لاس اینجلس : امریکی پاپ گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے معروف اینیمیٹڈ فلم سیریز ’ٹوائے اسٹوری‘ کے لیے گانا تیار کرنے کے تجربے کو اپنے لیے خوشگوار قرار دیا ہے۔

’ٹوائے اسٹوری‘ دنیا کی مقبول ترین اینیمیٹڈ فلم سیریز میں شمار ہوتی ہے، جس کی کہانی کھلونوں کی دلچسپ دنیا اور ان کے باہمی تعلقات کے گرد گھومتی ہے۔ اس سیریز کے مداح نئی فلم اور اس سے وابستہ موسیقی کے حوالے سے بھی خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق امریکی پاپ گلوکارہ اور نغمہ نگار ٹیلر سوئفٹ نے ’ٹوائے اسٹوری‘ کی نئی فلم کے لیے گانا تیار کیا ہے۔

گانے کا نام، ریلیز کی تاریخ اور فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں اس کی مکمل تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔ تاہم ٹیلر سوئفٹ کے مطابق وہ عموماً اپنے گانوں میں ذاتی زندگی، جذبات اور تجربات کو موضوع بناتی ہیں، تاہم کسی فلم کے لیے موسیقی تخلیق کرنا ایک مختلف اور دلچسپ تجربہ ہے، جس میں انہیں اپنی ذات سے ہٹ کر کہانی اور کرداروں کے جذبات کو الفاظ اور دھن میں ڈھالنے کا موقع ملا۔

گلوکارہ کا کہنا ہے کہ ذاتی نوعیت کے گانوں کے بعد کسی اینیمیٹڈ فلم کے لیے موسیقی تیار کرنا ایک خوشگوار وقفے کی طرح ہے۔ اس تجربے نے انہیں تخلیقی طور پر ایک مختلف سمت میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔