دو سال کی پستی کے بعد بٹ کوائن کی دھواں دار واپسی

لندن: دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں شدید گراوٹ کے بعد نمایاں بحالی دیکھنے میں آئی ہے۔ ہفتے کے روز بٹ کوائن کی قیمت 8 فیصد سے زیادہ بڑھ کر تقریباً 59 ہزار 952 ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ کاروبار کے دوران اس نے 60 ہزار ڈالر کی سطح بھی عبور کی۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بٹ کوائن کی قیمت 55 ہزار 251 ڈالر تک گر گئی تھی، جو دو سال کی کم ترین سطح ہے۔ اس سے ایک روز پہلے بھی اس کی قیمت 57 ہزار 742 ڈالر سے نیچے چلی گئی تھی، جس کے بعد سرمایہ کاروں میں تشویش بڑھ گئی تھی۔

بٹ کوائن کی قیمت میں گراوٹ کی وجوہات

ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے منافع سے متعلق خدشات، قرض لینے کی بڑھتی لاگت اور امریکی ڈالر کی مضبوطی نے مالیاتی منڈیوں پر دباؤ بڑھایا ہے۔

اس کے علاوہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل مندی اور شرح سود سے متعلق خدشات نے بھی کرپٹو کرنسیوں کو متاثر کیا۔ بٹ کوائن کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اب عالمی اسٹاک مارکیٹ کی نقل و حرکت سے بھی زیادہ متاثر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

کیا بٹ کوائن کی بحالی برقرار رہے گی؟

قیمت میں حالیہ اضافے کے باوجود ماہرین اسے مستقل بہتری کا اشارہ قرار دینے سے گریز کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی ٹیکنالوجی اسٹاکس میں استحکام اور ادارہ جاتی سرمایہ کاری کی واپسی کے بغیر بٹ کوائن کی قیمت میں پائیدار بہتری مشکل ہوسکتی ہے۔