کراچی: پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے شائقین کے لیے ایک بڑی خبر سامنے آگئی ہے۔ عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پاکستان کی پہلی اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ 4 دسمبر 2026 سے نشر کی جائے گی۔ سیریز کا پہلا آفیشل پوسٹر بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستانی فنکاروں اور مداحوں میں خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
اس سیریز کی سب سے بڑی خاص بات فواد خان اور ماہرہ خان کی ایک بار پھر اسکرین پر واپسی ہے۔ دونوں فنکار اس سے قبل مقبول ڈرامے ’’ہمسفر‘‘ میں اپنی اداکاری اور جوڑی کے باعث شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ اس مرتبہ ان کے ساتھ ہانیہ عامر، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، مایا علی، بلال اشرف اور خوشحال خان سمیت کئی بڑے نام بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
یہ سیریز معروف پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے اسی نام سے شائع ہونے والے مقبول اردو ناول پر مبنی ہے۔ کہانی سکندر شیریار نامی ہارورڈ یونیورسٹی کے قانون کے طالب علم کے گرد گھومتی ہے، جو زندگی کے ایک تکلیف دہ تجربے کے بعد جذباتی طور پر خود کو دوسروں سے الگ کرلیتا ہے۔ اٹلی میں اس کی ملاقات لیزا نامی ایک فنکارہ سے ہوتی ہے، جس کے بعد دونوں کی زندگی میں محبت، رشتوں، دکھ اور خود کو دوبارہ دریافت کرنے کا سفر شروع ہوتا ہے۔
اس بڑے منصوبے کی تیاری مومنہ درید فلمز کے تحت کی گئی ہے، جبکہ مومنہ درید اس کی تخلیق کار اور پروڈیوسر ہیں۔ سیریز کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ اٹلی اور برطانیہ میں بھی کی گئی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نیٹ فلکس نے اس منصوبے کا اعلان اگست 2023 میں کیا تھا اور اسے 2025 میں ریلیز کیے جانے کی توقع تھی، تاہم مختلف وجوہات کے باعث اس کی ریلیز میں تاخیر ہوئی۔ اب تقریباً تین سال بعد اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ سامنے آگئی ہے۔
یہاں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ پاکستانی ڈرامے پہلے بھی نیٹ فلکس پر دستیاب رہے ہیں، تاہم ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ پاکستان کی پہلی ایسی سیریز ہے جسے نیٹ فلکس اوریجنل پروڈکشن کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اس کی عالمی ریلیز کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔


