مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ کے الزام میں سزا پانے والے 3 پاکستانی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائی مکہ مکرمہ کے علاقے میں 24 نومبر 2026 کو کی گئی۔
عرب میڈیا اور سعودی حکام کے مطابق سزائے موت پانے والے پاکستانی شہریوں کی شناخت عظمت علی محمد علی، نسیم دلور خان اور نیاز محمد دوست محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق تینوں افراد کو مملکت میں ہیروئن اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقدمہ متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں شواہد اور قانونی کارروائی کے بعد انہیں سزائے موت سنائی گئی۔
حکام کے مطابق سزاؤں کے خلاف اپیلیں بھی دائر کی گئیں، تاہم اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے فیصلے برقرار رکھے۔ بعد ازاں شاہی حکم کے تحت سزاؤں پر عملدرآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ حکومت شہریوں اور رہائشیوں کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔


