عثمان خواجہ سینڈ پیپر تنازع پر پیٹ کمنز کے بیان سے مایوس

سڈنی: آسٹریلیا کے ریٹائرڈ اوپنر عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ وہ کبھی نہیں چاہتے تھے کہ پیٹ کمنز 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل یعنی سینڈ پیپر گیٹ پر آسٹریلوی کپتانی سے ہاتھ دھو بیٹھیں، تاہم انہوں نے کمنز کے انکار پر مایوسی کا اظہار کیا۔

عثمان خواجہ نے صبر کے نام سے اپنی سوانح عمری میں دعویٰ کیا تھا کہ کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میں بال کو تبدیل کرنے کی سازش سے پوری ٹیم واقف تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں اس وقت صرف کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کو ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔

خواجہ کے دعوؤں کے بعد تنازع دوبارہ بھڑک اٹھا۔ کمنز نے طویل پریس کانفرنس میں کسی بھی ملوث ہونے سے سختی سے انکار کیا اور بعد میں کرکٹ آسٹریلیا کی متفقہ حمایت حاصل کرکے کپتان برقرار رہے۔

گریڈ کرکٹر پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ پیٹ کمپنز کپتان رہیں۔ انہوں نے کمنز کی پریس کانفرنس سے چند روز قبل ان سے رابطہ کیا تھا، تاکہ دونوں کوئی درمیانی راستہ نکال سکیں اور اجتماعی ذمہ داری قبول کرلیں۔لیکن کمنز نے اس میں شامل ہونے سے صاف انکار کردیا۔

پیٹ کمنز نے خواجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے آٹھ سال بعد غیر سنجیدہ اور لاپرواہ انداز میں دعوے کیے ہیں، اور ان میں سے کچھ دعوے “شاید ہتک آمیز” ہیں۔

اس پر عثمان خواجہ نے کہا کہ یہ واقعی حیران کن تھا۔ انہوں نے کبھی توقع نہیں کی تھی کہ وہ اس طرح ذاتی حملہ کریں گے۔ ؔاس سے انہیں مایوسی ہوئی۔

پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لیون نے 2021 میں مشترکہ بیان جاری کرکے کسی بھی قسم کی بال ٹیمپرنگ میں ملوث ہونے سے انکار کیا تھا۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ انہوں نے سچ بولا ہے۔ ان کے مؤقف کی ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ نے بھی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ کو ایک بیان تجویز کیا تھا، تاکہ دونوں فریقوں کے درمیان سمجھوتہ ہوسکے۔

اس بیان کا مرکز یہ تھا کہ تمام کھلاڑی بال ٹیمپرنگ کے اجتماعی علم کو قبول کریں، لیکن ضروری نہیں کہ سینڈ پیپر کے بارے میں ہی جانتے ہوں۔

پوڈکاسٹ میں وہ بیان پڑھتے ہوئے عثمان خواجہ نے کہا ہم بطور ٹیم قبول کرتے اور تسلیم کرتے ہیں کہ ہمیں معلوم تھا کہ ہم 2018 میں جنوبی افریقہ میں بال کو مصنوعی طور پر تبدیل کرکے بال ٹیمپرنگ کر رہے تھے۔ چاہے وہ سینڈ پیپر تھا یا کسی اور ذریعے سے، اس سے فرق نہیں پڑتا، ہمیں معلوم تھا کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور ہم بطور ٹیم اور اسکواڈ اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری لیتے ہیں، جو ہمیں آٹھ سال پہلے کرنا چاہیے تھا۔”