امریکی انٹیلی جنس ادارے سائبر حملے کی زد میں : خفیہ معلومات افشا

واشنگٹن: امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) اور آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس (او ڈی این آئی) کے ایک تجزیاتی کمپیوٹر نظام میں سائبر حملے کے نتیجے میں بعض غیر خفیہ معلومات افشا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سامنے آنے والی اس سکیورٹی خلاف ورزی میں حساس معلومات تک رسائی حاصل کیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، تاہم حکام کے مطابق خفیہ معلومات متاثر نہیں ہوئیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے فرانس 24 کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے سرکاری حکام اور معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ سائبر حملے کا ہدف اوپن سورس انٹیلی جنس (او ایس آئی این ٹی) کا تجزیاتی نظام تھا، جس میں عوامی سطح پر دستیاب اور غیر خفیہ مواد کو جمع کرکے اس کا تجزیہ کیا جاتا ہے۔

یہ نظام مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کا جائزہ لے کر انٹیلی جنس تجزیہ کاروں کو اہم نتائج اخذ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اگرچہ اس نظام میں موجود معلومات عمومی طور پر عوامی یا نیم عوامی نوعیت کی ہوتی ہیں، لیکن مختلف معلومات کو یکجا کرکے ان سے ایسے اہم نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں جو قومی سلامتی اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کون سی مخصوص معلومات متاثر ہوئیں اور سائبر حملے کے پیچھے کون سے عناصر ملوث تھے۔ تاہم امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کسی بھی خفیہ معلومات کو نقصان نہیں پہنچا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے گفتگو کرنے والے ایک باخبر شخص کے مطابق اس سائبر خلاف ورزی کا سبب بننے والے مسئلے کو حل کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب او ڈی این آئی کے ایک عہدیدار نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ اس واقعے کے باعث ادارے کی اہم صلاحیتوں اور بنیادی آپریشنز میں کوئی تعطل پیدا نہیں ہوا، جبکہ سی آئی اے نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

سی آئی اے اور او ڈی این آئی کے نظام میں سکیورٹی خلاف ورزی کا یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ چند ہفتوں کے دوران امریکا کے سرکاری اداروں اور بڑی نجی کمپنیوں کو متعدد سائبر حملوں اور تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ زراعت اور وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو بھی حالیہ دنوں میں سائبر حملوں کا نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

گزشتہ ہفتے نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کا وہ اندرونی نیٹ ورک بھی کچھ وقت کے لیے بند رہا جسے خفیہ معلومات کی ترسیل اور رابطوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

اسی دوران ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو پائلٹس سے رابطے میں مشکلات پیش آنے کے باعث ملک بھر میں پروازوں کے نظام کو بھی شدید متاثر ہونا پڑا اور متعدد پروازیں روکنے کی صورتحال پیدا ہوئی۔

امریکا میں سائبر سکیورٹی اور تکنیکی نظاموں کی کمزوریوں پر تشویش اس وقت مزید بڑھ گئی جب رواں ماہ ایپل، جے پی مورگن چیس اور مائیکروسافٹ جیسے بڑے اداروں کے مختلف نظام بھی بندش یا تکنیکی مسائل کا شکار ہوئے۔

ان واقعات کے نتیجے میں امریکا میں فضائی سفر، مواصلاتی رابطوں، بینکاری اور آن لائن کاروباری سرگرمیوں سمیت متعدد شعبوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ماہرین اور متعلقہ حلقوں میں اس صورتحال نے اہم قومی انفرااسٹرکچر اور ڈیجیٹل نظاموں کے تحفظ سے متعلق سوالات کو جنم دیا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے سائبر سکیورٹی چیف شان کینکراس کو گزشتہ ہفتے ان کے عہدے سے برطرف کردیا گیا، جبکہ امریکی اداروں کو درپیش مسلسل تکنیکی مسائل اور سکیورٹی خدشات پر تنقید میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس جے کلیٹن نکے مطابق حالیہ تکنیکی بندشوں کی بڑی وجہ ہیکرز سے آگے رہنے کے لیے کمپیوٹر نظاموں میں تیزی سے سکیورٹی اپ ڈیٹس اور تبدیلیاں کرنا ہے۔

ان کے مطابق مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے جدید اور طاقتور ٹولز نے ہیکرز کی صلاحیتوں میں اضافہ کردیا ہے، جس سے بڑے پیمانے پر سائبر حملوں کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

حالیہ واقعات نے ایک مرتبہ پھر واضح کردیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پر بڑھتے ہوئے انحصار کے دور میں سرکاری اداروں، مالیاتی نظام، مواصلاتی نیٹ ورکس اور قومی سلامتی سے متعلق ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کا تحفظ کس قدر اہم ہوچکا ہے۔