لاہور : سینیئر اداکار سلیم شیخ کی صاحبزادی سلینا سلیم نے اپنے منگیتر ابراہیم شیخ کے ساتھ نکاح کرلیا۔ یہ تقریب سادگی اور خوبصورتی کا امتزاج تھی، جس میں خاندان کے افراد اور شوبز سے وابستہ معروف شخصیات نے شرکت کرکے نئے جوڑے کو مبارک باد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔
نکاح کے خاص موقع پر دلہن سلینا سلیم نے سفید رنگ کا روایتی آرگنزا شرارہ زیب تن کیا، جس پر چاندی کے ستاروں کا نفیس کام کیا گیا تھا۔ سنہری گوٹا کناری اور کرن لیس سے مزین دوپٹے نے ان کے عروسی لباس کو مزید خوبصورت بنادیا۔
دوسری جانب دولہا ابراہیم شیخ سفید کرتے، پاجامے اور کوٹ میں ملبوس دکھائی دیے۔ دونوں کے لباس میں سادگی اور ہم آہنگی نمایاں رہی۔
تقریب میں سینئر اداکار جاوید شیخ، بہروز سبزواری، مومل شیخ، شہروز سبزواری اور صدف کنول سمیت دیگر شوبز شخصیات اور عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
سلینا سلیم اور ابراہیم شیخ کی منگنی جون 2025 میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر سلینا کی بہن انعمتا نے سوشل میڈیا پر بات پکی ہونے کی خوشی میں تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
شادی کی تقریبات کے سلسلے میں مائیوں اور سنگیت کی محفلیں بھی منعقد ہوئیں۔ مائیوں میں سلینا مہندی رنگ کے لباس میں نظر آئیں، جب کہ سنگیت کی تقریب میں انہوں نے سنہری رنگ کی خوبصورت ساڑھی کا انتخاب کیا۔
یوں منگنی کے بعد شادی کی مختلف تقریبات سے ہوتے ہوئے یہ جوڑا اب ازدواجی زندگی کے نئے سفر کا آغاز کرچکا ہے۔
بیٹی کی خوشی میں والد سلیم شیخ کا رقص، ویڈیوز وائرل
شادی کی تقریب کا ایک دلچسپ اور خوشگوار پہلو سلیم شیخ کا اپنی بیٹی کی خوشی میں رقص کرنا بھی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں اداکار کو شادی کی خوشیوں میں بھرپور انداز سے شریک دیکھا جاسکتا ہے۔


